عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور بابر موسیٰ خیل ڈپٹی اسپیکر منتخب

ویب ڈیسک  جمعرات 16 اگست 2018
بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار عبدالقدوس بزنجو 59 میں سے 39 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہوئے (فوٹو: خبر ایجنسی)

بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار عبدالقدوس بزنجو 59 میں سے 39 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہوئے (فوٹو: خبر ایجنسی)

کوئٹہ: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے 15 ویں اسپیکر منتخب ہوگئے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار موسیٰ خیل کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں 59 اراکین اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو 39 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہوئے۔

عبدالقدوس بزنجو کے مدمقابل امیدوار جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد نواز نے 20 ووٹ حاصل کیے۔ سبکدوش اسپیکر راحیلہ درانی نے نومنتخب اسپیکر عبدالقدوس بزنجو سے عہدے حلف لیا۔

بابر موسیٰ خیل ڈپٹی اسپیکر منتخب

اسی طرح حکومتی اتحاد کے سردار بابر موسیٰ خیل کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کرلیا گیا انہوں نے 58 میں سے 36 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل اپوزیشن اتحاد کے امیدوار احمد نواز کو 21 ووٹ ملے۔ بابر موسیٰ خیل کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔

دوسری جانب عبدالقدوس بزنجو نے اسپیکر کے انتخاب میں ساتھ دینے والی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے سب برابر ہیں، کوشش ہوگی کہ ایوان کو غیرجانبداری سے چلاؤں جب کہ ایوان میں بیٹھے لوگ بلوچستان کی روایت کو برقرار رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔