برادر نسبتی کوقتل کرنیوالے شخص کو سزائے موت کا حکم

عزت خان ناراض بیوی کولینے اورنگی ٹاؤن گیا،تلخ کلامی پرفضل کو قتل کردیا.


Staff Reporter May 21, 2013
عزت خان ناراض بیوی کولینے اورنگی ٹاؤن گیا،تلخ کلامی پرفضل کو قتل کردیا. فوٹو: فائل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی شاہ نواز طارق نے قتل کے الزام میں ملوث عزت خان کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنادیا ۔

استغاثہ کے مطابق 5اگست2006کو مجرم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن اہلیہ کو لینے گیا تھا تاہم برادر نسبتی فضل امین اور سلیم سے تلخ کلامی ہوگئی تھی مجرم نے طیش میں آکر سالے فضل امین کوکلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا تھا اور مقتول کے دوسرے بھائی سلیم کو زخمی کردیا تھا بعدازاں مضروب نے تھانہ اورنگی میں رپورٹ درج کرائی تھی ۔



جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ بہن شوہرکی مارپیٹ سے تنگ آکر والدین کے گھر آگئی تھی ، مجرم متعدد بار اسے لینے آیا تھا تاہم مجرم کو انھوں نے اپنے والدین کے ہمراہ بلویا تھا تاکہ ان سے بات چیت کیا جاسکے، مجرم والدین کے بجائے دوستوں کے ہمراہ آیا اور گھر میں داخل ہوتے ہی کلہاڑی کے وار کرکے بھائی کو قتل اور اسے زخمی کردیا تھا ۔

تھانہ اورنگی ٹاؤن نے مقدمہ درج کرکے مجرم کوگرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا تھا ،دوران سماعت مجرم کو مدعی مقدمہ ،اس کی اہلیہ و دیگر گواہوں نے شناخت کیا تھا ، میڈکل رپورٹ نے بھی استغا ثہ کو سپورٹ کیا تھا ۔