یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب

اسٹاف رپورٹر  بدھ 15 اگست 2012
یوم آزادی کے موقع پرگورنر ڈاکٹر عشرت العباد ، وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ ، صوبائی کابینہ کے ارکان و مشیران مزار قائد پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں. فوٹو: ایکسپریس

یوم آزادی کے موقع پرگورنر ڈاکٹر عشرت العباد ، وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ ، صوبائی کابینہ کے ارکان و مشیران مزار قائد پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں. فوٹو: ایکسپریس

کراچی: ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی پاکستان کا یوم آزادی منگل کو جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اس موقع پر مزار قائد پر پر وقار اور رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوئیں۔

مزار قائد پرگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، سندھ کابینہ کے ارکان، کراچی میں متعین مختلف ممالک کے قونصل جنرل، سفارتی عملے کے اراکین کے علاوہ کمشنر کراچی اعلی افسران مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طالب علموں اور عوام کی بڑی تعداد نے حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، سندھ کا بینہ کے اراکین میں سینئر وزیر تعلیم پیر مظہرالحق، صوبائی وزرا انجینئر رفیق، عبدالحق بھرٹ، حاجی مظفر شجرہ، توقیر فاطمہ بھٹو، ڈاکٹر موہن لال، مشیرحلیم عادل شیخ، معاونین خصوصی راشدربانی، شرمیلا فاروقی، صدیق ابو بھائی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری محمد صدیق میمن سیکریٹری اطلاعات سندھ قاضی شاہد پرویز،آئی جی سندھ پولیس فیاض احمد لغاری، ایڈیشنل ائی جی پولیس کراچی اقبال محمود اور دیگر موجود تھے۔

بعد میں گورنر سندھ اور وزیر اعلی سندھ نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی دونوں مہمانوں نے قومی ترانے کی گونج اور عوام کی تالیوں میں پرچم کو ہوائوں میں لہرایا، گورنر سندھ اور وزیر اعلی سندھ نے قومی ترانے کی گونج میں بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے اس موقع پر چاک و چوبند دستوں نے سلامی بھی دی جبکہ ملکی یکجہتی قومی اتحاد اور عوام کی خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے اور بانی پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمیں بانی پاکستان کے اقوال اتحاد ایمان اور نظم و ضبط پر عمل پیرا ہوکر عوام کی خدمت کرنی چاہیے ،اس سے قبل مزار قائد پر پاک بحریہ کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ کے فرائض سنبھالے، مزار قائد پرگارڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی،48 کیڈٹس اور 48 سیلرز نے پریڈ میں حصہ لیا،تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور زاہد الیاس تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔