بالی ووڈ میں کامیاب ولنز کے ناکام بچے

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 اگست 2018
امجد خان، شکتی کپور، گلشن گروور یہ بالی ووڈ کے معروف ولن ہیں جن کی اداکاری کی کوئی مثال نہیں ملتی فوٹو:فائل

امجد خان، شکتی کپور، گلشن گروور یہ بالی ووڈ کے معروف ولن ہیں جن کی اداکاری کی کوئی مثال نہیں ملتی فوٹو:فائل

ممبئی: بالی ووڈ میں جتنی اہمیت ہیرو کی ہوتی ہے اتنی ہی اہمیت ولن کی بھی ہوتی ہے کیونکہ ولن کے بغیر ہیرو، ’ہیرو‘ نہیں ہوتا۔

امجد خان، شکتی کپور، گلشن گروور یہ بالی ووڈ کے معروف ترین ولن ہیں جن کی اداکاری کی کوئی مثال نہیں ملتی، جس طرح فلموں میں ہیرو کی موجودگی لازمی ہوتی ہے بالکل اسی طرح ولن کے بغیر بھی فلم ادھوری ہوتی ہے۔ بالی ووڈ کے ان ولنز نے اپنی اداکاری کے ذریعے خوب نام کمایا تاہم ان کے بیٹے فلموں میں وہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے جو ان کے والد کو حاصل ہوئی۔

امجد خان

بالی ووڈ کے مقبول ترین ولن کی بات کی جائے تو امجد خان کا نام ذہن میں آتا ہے، ویسے تو انہوں نے کئی لازوال کردار اداکیے ہیں لیکن فلم’’شعلے‘‘میں ’’گبر‘‘ کے کردار نے انہیں بالی ووڈ کا کامیاب ولن بنادیا تاہم ان کا بیٹا شاداب خان فلموں میں کامیابی حاصل نہ کرسکا۔ شاداب خان نے اداکارہ رانی مکھرجی کے ساتھ فلم’’راجا کی آئے گی بارات‘‘ میں کام کیا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ بالی ووڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

دلیپ تاہل

اداکار دلیپ تاہل کا شمار بھی بالی ووڈ کے نمبرون ولنز میں ہوتا ہے انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم’’بازیگر‘‘، ’’راجا‘‘، ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ میں بے مثال اداکاری کی ہے لیکن بالی ووڈ کے اس باصلاحیت ولن کابیٹا دھروو تاہل اپنے والد جیسی کامیابی حاصل نہ کرسکا۔ دھروو پیشے کے اعتبار سے ماڈل اوراداکار ہے لیکن انہیں بالی ووڈ میں کوئی نہیں جانتا۔

ڈینی ڈین زونگ پا

نامور بالی ووڈ ولن ڈینی ڈین زونگ پا کا شمار بھی بالی ووڈ کے صف اول کے ولنز میں ہوتا ہے۔ اداکار ڈینی گزشتہ 40 سال سے بالی ووڈ میں اداکاری کے جوہر دکھارہے ہیں اور اب ان کے بیٹے رن زنگ ڈین زونگ پا بھی بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے جارہے ہیں تاہم بھارتی میڈیا میں اس نوجوان کے بارے میں کوئی چرچا نہیں۔

گلشن گروور

اداکار گلشن گروور کا شمار بھی بالی ووڈ کے مشہور ولنز میں ہوتا ہے انہوں نے بے شمار فلموں میں منفی کردار ادا کرکے کروڑوں لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ ان کے بیٹے سنجے گروور بطور ڈائریکٹر انٹرنیشنل اسٹوڈیو میٹرو گولڈن میئر سے وابستہ ہوچکے ہیں تاہم بالی ووڈ میں انہوں نے کوئی پہچان نہیں بنائی۔

کبیر بیدی

اداکار کبیربیدی کا شمار بالی ووڈ کے اسٹائلش اور پرکشش ولنز میں ہوتا ہے، ان کے بیٹے ایڈم بیدی  فلم’’ہیلو کون ہے‘‘کے ذریعے بالی ووڈ میں انٹری دے چکے ہیں لیکن  وہ بھی بالی ووڈمیں پہچان بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

میک موہن

فلم’’شعلے‘‘کے کردار ’سامبا‘ کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے اداکار میک موہن کا بیٹا وکرانت بھی اداکار ہے وہ آخری بار فلم’’دی لاسٹ ماربل‘‘میں نظرآیاتھا لیکن وہ بھی بالی ووڈ میں زیادہ نام نہ کماسکا۔

رنجیت

بالی ووڈ کے معروف ولن رنجیت کوکون نہیں جانتا تاہم ان کا بیٹا چرنجیو اپنے والد کی طرح مشہور نہیں ہے۔ بھارتی میڈیا میں کہاجارہا ہے کہ چرنجیو بہت جلد فلموں میں انٹری دیں گے۔

شکتی کپور

اداکار شکتی کپور کا شمار بھی بالی ووڈ کے مشہور ولنز میں ہوتا ہے۔ ان کی بیٹی شردھا کپور اپنے والد کی طرح انڈسٹری میں نام بنانے میں کامیاب ہوچکی ہے تاہم ان کا بیٹا سدھانت ابھی تک اپنی پہچان نہیں بناسکا۔ سدھانت فلم’’شوٹ آؤٹ ایٹ واڈالا ‘‘اور’’فلم ’حسینہ پارکر‘‘میں کام کرچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔