نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار قتل و دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث نکلے

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 اگست 2018
عثمان بزدار  کے خلاف 1998 میں ڈیرہ غازی خان میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ فوٹو:فائل

عثمان بزدار کے خلاف 1998 میں ڈیرہ غازی خان میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ فوٹو:فائل

لاہور: پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار قتل و دہشت گردی کے مقدمات میں مجرم رہ چکے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے، تاہم ماضی میں عثمان بزدار اور ان کے والد 6 افراد کے قتل میں نامزد ملزم رہ چکے ہیں اور انہیں عدالت نے مجرم بھی قرار دیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد

ملزمان کے خلاف 1998 میں ڈیرہ غازی خان میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات بھی شامل تھیں، ملزمان کا مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں سنا گیا اور عدالت نےعثمان بزدار اور ان کے ساتھیوں کو مجرم بھی قرار دے دیا تھا تاہم  عثمان بزدار اور ان کے والد نے دیت ادا کرکے فریقین سے صلح کرلی اور بری ہوگئے۔

دوسری جانب نامزد وزیراعلیٰ پنجاب کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں جس کے مطابق عثمان بزدار کے اثاثوں کی مالیت اڑھائی کروڑ روپے ہے۔ ان کے پاس  24  لاکھ روپے مالیت کے  3 ٹریکٹرز (2 بیلاروس، 1 میسی) اور ایک ہنڈا اور ایک ٹیوٹا گاڑی ہے جن کی مالیت 36 لاکھ روپے ہے۔

عثمان بزدار کے پاس 20 تولے سونا اور 50 ہزار روپے کا فرنیچر بھی ہے، ان کے 4 بینکوں بینک الحبیب، جے ایس، یونائیٹڈ بینک اور سلک بینک میں اکاؤنٹس ہیں جب کہ این جے آئی، اسٹیٹ لائف اورای ایف یو میں 3 انشورنس پالیسیاں ہیں، 11 لاکھ کے ماہانہ ٹرم سرٹیفکیٹ ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا انتخاب کل ہوگا، عثمان بزدار کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔