ترکش ایئر لائنز کراچی چیمبر ممبران کو ٹکٹس پر رعایت دے گی

فضائی کمپنی کے وفد کی چیمبر آمد، مائی کراچی نمائش میں شرکت کی یقین دہانی


Business Reporter May 22, 2013
ہارون اگر کا یومیہ فلائٹس، جلد خراب ہونے والی اشیا کیلیے خصوصی کارگو سہولت پر زور۔ فوٹو فائل

کراچی چیمبر آف کامرس کے صدرہارون اگر نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان ''ایک قوم دوملک'' کا محاورہ دونوں ممالک کی بہترین تعلقات کی غماز ہے۔

کئی دہائیوں پر محیط مستحکم تعلقات دونوں ممالک مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی کے علاوہ تجارتی اعتبارسے بھی مشابہت رکھتے ہیں۔یہ بات انہوںنے ترکش ایئر لائنز کے جنرل منیجر حسین چپنی کی سربراہی میں ترکی کے ایک وفدکی دورہ کراچی چیمبرکے موقع پر کہی، اس موقع پر پاک ترکش انٹرنیشنل اسکولزکے ریجنل ڈائریکٹرعلی کران اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز حسین ڈیمرڈیلین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ہارون اگر نے کہا کہ کراچی چیمبرترکی کے ساتھ مضبوط تعلقات اور باہمی تجارت کے فروغ کو خصوصی خصوصی اہمیت دیتاہے، پاکستان سینٹرل ایشیا، ساؤتھ ایشیا، مڈل ایسٹ اور چین کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ ترکی تجارتی لحاظ سے پاکستان اورایشین ممالک کا یورپی یونین کے لیے گیٹ وے ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے ترکش ایئر لائن کی پاکستان میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکش ایئرلائن یورشین ریجن اور یورپی یونین ممالک تک بذریعہ استنبول اور دنیا بھر میں رسائی کے لیے بہتر خدمات فراہم کر رہی ہے، ترکش ایئرلائنز جونہ صرف دونوں ملکوں کے تاجروں کو آپس میں قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ایئر کارگو ترسیلات کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے ترکش ایئر لائن کو جولائی 2013 میں ہونے والی مائی کراچی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی۔



انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یومیہ بنیادوں پر فلائٹ آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور تاجروں کو بہتر سفری فراہمی کے علاوہ ایسی اشیا جن کے خراب ہونے کا اندیشہ کے لیے خصوصی کارگو سہولت فراہم کی جائے۔ ترکش ایئر لائن کے جنرل منیجر حسین چپنی نے کہا کہ ترکی کی قومی ایئر لائن کا مقصد پاکستان سے دنیا بھر کے لیے بہترین فضائی خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر لائنز کے ہیڈ کواٹرز کے دورے کے موقع پر انہوں نے کراچی چیمبر آ ف کامر س کے ممبران کے لیے ٹکٹوں پر خصوصی رعایت کی منظوری حاصل کی ہے، کراچی چیمبر کے ممبران اپنا ممبر شپ کارڈ دکھا کر پاکستان بھر میں قائم ترکش ایئر لائنز کے دفاتر سے ٹکٹوں پر5 فیصد رعایت حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے کراچی چیمبر کی مائی کراچی نمائش میں شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایئر لائنز کی جانب سے بذریعہ قرعہ اندازی مفت ٹکٹ اورتحائف بھی دیے جائیں گے، ترکش ایئر لائنز کراچی ، اسلام آباد اور لاہورسے روزانہ کی بنیاد پر فضائی آپریشن شروع کرنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس موقع پر کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر شمیم فرپو، نائب صدر ناصر محمواور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں