پاک سوزوکی نے جی ڈی 110 موٹر سائیکل متعارف کرا دی

دلکش ڈیزائن، ماحول دوست، کفایتی انجن، یورو ٹو معیار ودیگر خصوصیات کی حامل ہے


Business Reporter May 22, 2013
کراچی: پاک سوزوکی کی جانب سے نئی موٹر سائیکل GD110 کی تعارفی تقریب کے موقع پر ایم ڈی ہیرو فومی ناگاو اور جنرل مینجر اعظم مرزا موٹر سائیکل کی نمائش کر رہے ہیں۔ فوٹو : محمد ثاقب / ایکسپریس

پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے دنیا کے مختلف ممالک میں پسند کی جانے والی جدید خصوصیات سے آراستہ موٹرسائیکل GD 110 پاکستان میں متعارف کرادی۔

دلکش اور جدید ڈیزائن، ماحول دوست خصوصیات سے آراستہ جی ڈی110 نوجوانوں طبقے کی پسند اور ترجیحات پر پورا اترنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں جی ڈی 110 کی تعارفی تقریب منعقد ہوئی جس میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ کمپنی کے ڈیلرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیروفومی ناگاؤ اور جنرل منیجر اعظم مرزا نے موٹرسائیکل کی رونمائی کی۔

اس موقع پر جنرل منیجر اعظم مرزا نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ جاپانی معیار کے مطابق سوزوکی موٹرسائیکلیں دنیا بھر میں مقبول ہیں اور پاکستان میں نوجوان طبقے بالخصوص کالج اور یونیورسٹیز کے طلبہ کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ماڈل پاکستان میں بھی متعارف کرایا گیا ہے۔



انہوں نے بتایا کہ GD 110 کا فور اسٹروک SOHC انجن کارکردگی اور ایندھن کے کفایت بخش استعمال کے یقینی بناتا ہے، جدید ڈیجیٹل DC-CDI سسٹم ایندھن کے استعمال کی اصلاح کے ساتھ کارکردگی میں بھی اضافہ کرتا ہے، موٹرسائیکل یورو ٹو معیار پر پورا اترتی ہے اور ماحول دوست خصوصیات کی بنا پر کاربن کا اخراج کم سے کم ہے، موٹرسائیکل کی دیگر خصوصیات میں دلکش اسپیڈو میٹر، ٹرپ میٹر اور انڈیکیٹرز، منفرد ڈیزائن کے گیئر شفٹ، مضبوط شاک آبزرور اور کشادہ و آرام دہ سیٹ شامل ہیں جو سفر کو آرام دہ بناتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیکل کی مارکیٹنگ کے لیے خصوصی طور پر نوجوان طبقے کو فوکس کیا جائے گا جس کے لیے یونیورسٹیز اور کالجز میں خصوصی پروموشنز کی جائیں گی اور قرعہ اندازی کے ذریعے طلبہ کو مفت موٹرسائیکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوزوکی موٹرسائیکل ڈسپوزیبل نہیں بلکہ اس کی کم سے کم عمر 10 سال ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں