ضلع راولپنڈی 3 وزارتیں لے اڑا، اسلام آباد کو ایک ملی

جمیل مرزا  اتوار 19 اگست 2018
ڈاکٹر بابراعوان مشیر بن گئے،بشارت راجا کوپنجاب میں وزارت ملنے کا امکان۔ فوٹو :  فائل

ڈاکٹر بابراعوان مشیر بن گئے،بشارت راجا کوپنجاب میں وزارت ملنے کا امکان۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی:  وفاقی کابینہ میں پہلی مرتبہ ضلع راولپنڈی 3 وفاقی وزارتیں لیکر منفرد اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا جبکہ وفاقی دارالحکومت کا واحد ضلع اسلام آباد ایک وفاقی وزارت حاصل کرسکا۔

راولپنڈی کے حصے میں پنجاب کابینہ سے ایک وزارت آنے کا امکان ہے جس کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے دست راست محمد بشارت راجہ کے نام پر اتفاق کا امکان ہے ،وفاقی کابینہ میں ضلع راولپنڈی سے عامر محمود کیانی اور اسلام آباد سے اسد عمر پہلی مرتبہ وفاقی وزارت کا منصب حاصل کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔

ڈاکٹر بابراعوان جواس وقت پارلیمنٹ کا حصہ نہیں کونامزدگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی خالی ہونے والی نشست سے سینیٹر منتخب کراکے بعدازاں وفاقی وزیر پارلیمانی امور مقرر کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ این اے 62 سے عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد وفاقی وزیر ریلوے،این اے 61سے تحریک انصاف کے عامر محمود کیانی وفاقی وزیر صحت ، این اے 59سے تحریک انصاف کے غلام سرور خان وفاقی وزیر پٹرولیم بن گئے جبکہ ڈاکٹر بابر اعوان مشیر پارلیمانی امور بلحاظ عہدہ وفاقی وزیر کا منصب حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم اسلام آباد سے اسد عمر وفاقی وزیر خزانہ کا منصب حاصل کرسکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔