پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ضیا قادر قریشی ملازمت سے فارغ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 19 اگست 2018
قومی ایئرلائن میں پہلی مرتبہ اعلیٰ افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، نوٹیفکیشن جاری۔ فوٹو: فائل

قومی ایئرلائن میں پہلی مرتبہ اعلیٰ افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، نوٹیفکیشن جاری۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ضیا قادر قریشی ناقص کارکردگی پر ملازمت سے فارغ ہوگئے، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

قومی ایئرلائن میں گزشتہ روزچیف فنانشل آفیسر نیرحیات کے تبادلے کے بعد ایک اور فیصلہ چیف آپریٹنگ آفیسر ضیا قادرقریشی کو ملازمت سے فارغ کرنے کی صورت میں سامنے آیا، پی آئی اے میں پہلی مرتبہ اعلیٰ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

خط کے مطابق ضیا قادر قریشی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ادارے کو نقصان پہنچ رہا تھا، ضیا قادرقریشی کے خلاف ہونے والے فیصلے کے پس منظر میں ناقص کارکردگی جبکہ حالیہ دنوں میں پیرس میں دوران پرواز پیش آیا والا واقعہ ہے جس کے دوران جہاز کا ایئر کنڈیشننگ سسٹم فیل ہونے سے بدترین صورتحال پیداہوگئی تھی اور ایک شیرخواربچے کی حالت غیر ہوگئی تھی۔

ذرائع کا کہناہے کہ 13اگست کو ضیا قادر قریشی کو اظہاروجوہ کا خط جاری کیاگیا جس کا انھوں نے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا ،ملازمت سے فراغت کے بعد پی آئی اے کے سی او او کی سرکاری میل بھی بلاک کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے ضیا قادرقریشی کوعہدے سے ہٹانے کے فیصلے کے بعد وہ بغیر بتائے چھٹیوں پر روانہ ہوگئے کسی بھی اعلیٰ افسر کو چھٹی کی درخواست جمع نہیں کرائی، ضیا قادر قریشی کو 14جولائی 2017کو بھاری تنخواہ پر کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔