زیرحراست ملزمان کو تھانے میں فون کال کی سہولت دینے کا فیصلہ

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 19 اگست 2018
آئی جی پنجاب کی افسران کوجائزہ لینے کے لئے تھانوں کے سرپرائز وزٹ کی ہدایت۔ فوٹو:فائل

آئی جی پنجاب کی افسران کوجائزہ لینے کے لئے تھانوں کے سرپرائز وزٹ کی ہدایت۔ فوٹو:فائل

فیصل آباد:  لواحقین سے رابطہ کرنے کیلیے زیرحراست ملزمان کو تھانے کی سطح پر فون کال کی سہولت دینے کافیصلہ کرلیاگیا۔

اعلیٰ سطح کے فیصلے کے مطابق دہشت گردی سمیت سنگین جرائم میں ملوث عناصر اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے اہل نہیں ہوں گے۔ ڈی پی اوز کووضع کردہ طریقہ کار کارپرعمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے تھانوں کے سرپرائز وزٹ کرنے کا پابند بھی کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مفت کال کی سہولت دیے جانے سے لواحقین حراست میں لیے جانے والوں پر عائد ہونے والے الزامات سے بھی آگاہ ہوسکیں گے۔ یہ امر قابل ذکرہے کہ پولیس حکام یہ واضح نہیں کرسکے کہ زیر حراست ملزمان کو فون کال کی سہولت کاموقع کب دیاجائے۔

فیصل آباد سمیت پنجاب بھرمیں جاری پریکٹس کے مطابق بیشترچھاپوں میں پولیس اپنی شناخت کرانے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتی، ایسے میں زیرحراست افراد کوفوری بنیاد پر تھانوں کے بجائے نامعلوم مقامات پر قائم تفتیشی مراکز میں منتقل کردیا جاتاہے، اس دوران لواحقین جس طرح بھی مارے مارے پھریں پولیس ان کی حراست کی تصدیق نہیں کرتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔