انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے کا وقت ختم

جاوید ہاشمی ، طارق فضل نے تفصیلات جمع کرا دیں ، حتمی نتائج کا اعلان آج متوقع


Numainda Express May 22, 2013
14لاکھ 90ہزار خرچ ہوئے، جاوید ہاشمی، میں نے 14لاکھ 54ہزار خرچ کیے، فضل چوہدری فوٹو: ایکسپریس/فائل

انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا ۔ جن امیدواروںنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں ان کا نوٹیفکیشن روک لیا جائیگا ۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات میں امیدواروں کودی گئی 10 روزکی مہلت ختم ہو گئی۔ انتخابات جیتنے والے امیدواروں کو دس روز کے اندر اندر انتخابی اخراجات کی تفصیلات اپنے ریٹرننگ آفیسرزکوجمع کرانا ضروری ہے ۔ ذرائع کے مطابق کافی حد تک انتخابات جیتنے والے امیدواروں کی انتخابی تفصیلات موصول ہو چکی ہیں اور قوی امکان ظاہرکیا جا رہا ہے کہ آج انتخابات جیتنے والے امیدواروں کے نتائج کا حتمی اعلان کر دیا جائے گا البتہ ان امیدواروں کا نوٹیفکیشن روک لیا جائے گا جنھوں نے اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ نہیں کیا ۔



ادھر نوٹیفکیشن کے جاری ہوتے ہی آزاد امیدواروں کو تین دن کی مہلت دی جائے گی کہ وہ اپنی نئی سیاسی جماعت بارے الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں ۔ علاوہ ازیں آن لائن کے مطابق این اے48 اور49 سے کامیاب ہونے والے امیدواروں نے تفصیلات جمع کروا دیں ۔ این اے 48 سے مخدوم جاوید ہاشمی کے مطابق ان کی انتخابی مہم پر14 لاکھ 90 ہزار روپے اخراجات آئے ہیں ۔ دوسری جانب این اے49سے کامیاب ہونے والے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے مطابق ان کی انتخابی مہم پر14 لاکھ 54 ہزار روپے کے اخراجات آئے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں