عوام نے ترقی اور خوشحالی کیلئے اعتماد کیا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

ویب ڈیسک  پير 20 اگست 2018
عوام کو بلاتفریق سستے اور آسان انصاف کی فراہمی عمران خان کا ویژن ہے، محمود خان فوٹو: فائل

عوام کو بلاتفریق سستے اور آسان انصاف کی فراہمی عمران خان کا ویژن ہے، محمود خان فوٹو: فائل

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ عوام نے ترقی اور خوشحالی کیلئے اعتماد کیا، کارکردگی سے توقعات پر پورا اتریں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے آئی جی پولیس محمد طاہر اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے چیف نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے آئی جی کو صوبہ بھر میں امن و امان کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام نے ترقی اور خوشحالی کیلئے اعتماد کیا، کارکردگی سے توقعات پر پورا اتریں گے کیوں کہ عوام کو بلاتفریق سستے اور آسان انصاف کی فراہمی عمران خان کا ویژن ہے۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے پیسکو چیف سے صوبے میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے بجلی کی منصفانہ تقسیم، فیڈرز کی دیکھ بھال اور اضافی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مٹہ سوات فیڈر پر کام تیز کیا جائے، وسائل کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا، پسکو اپنے مسائل کے حوالے سے بھی تفصیلی رپورٹ بنائے جس کی صوبائی حکومت مدد کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔