سندھ کابینہ کا کراچی میں سمندری پانی صاف کرنے کا پلانٹ لگانے کا فیصلہ

صوبائی وزیربلدیات ڈی سیلی نیشن پلانٹ کی تنصیب جنگی بنیاد پر شروع کریں، وزیر اعلیٰ


Staff Reporter August 21, 2018
ہر ماہ فی خاندان 50 کلو گرام گندم تقسیم کی جائے گی، سندھ کابینہ کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

سندھ کابینہ نے تھر اور عمر کوٹ کے بعض حصے کو قحط زدہ علاقہ قرار دے دیا اور کراچی میں قبرستان کے لیے زمین مختص کرنے اور کراچی کے لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ڈی سیلی نیشن پلانٹ کے قیام کا بھی فیصلہ کیاگیا۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا جو گزشتہ روز سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام 8وزرا، دونوں مشیروں، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی پولیس اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق سوموٹو کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے چیف سیکریٹری کوہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میںاس آئٹم کو رکھیں تاکہ گاڑیوں سے متعلق مناسب فیصلہ کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیربلدیات کو ہدایت کی کہ وہ کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کریں۔

سیکریٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس نے کابینہ کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔ سیکریٹری داخلہ محمد ہارون نے اجلاس کو بتایاکہ صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ کابینہ کو یہ بھی بتایاگیا کہ کھالوں سے متعلق ضابطہ اخلاق انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں جاری کردیاگیاہے۔

حکومت کی جانب سے قائم کردہ مویشی منڈی کے علاوہ دیگر مویشی منڈیوں پر زیردفعہ سی آر پی سی کے تحت پابندی عائد ہے۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی سے کہا کہ گذشتہ عیدالاضحیٰ پر دہشت گردوں نے شکار پور میں دھماکا کیاتھا لہٰذا پولیس کو چاہیے کہ وہ جیکب آباد، شکار پور، دادو اور اس کے نزدیک دیگر اضلاع میں سخت اقدامات یقینی بنائیں۔

سیکریٹری آب پاشی جمال شاہ نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پانی کی قلت کے باعث چاول کی فصل کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں