شادی ہالوں میں چوریوں کی وارداتیں کرنے والی خاتون پکڑی گئی

یاسین جبلپوری  منگل 21 اگست 2018
فوٹیج میں نظرآیاچادراوڑھی خاتون بیگ اٹھاکرلے گئی،19اگست کی شب خاتون دوبارہ اسی شادی ہال میں واردات کیلیے آئی۔ فوٹو: ایکسپریس

فوٹیج میں نظرآیاچادراوڑھی خاتون بیگ اٹھاکرلے گئی،19اگست کی شب خاتون دوبارہ اسی شادی ہال میں واردات کیلیے آئی۔ فوٹو: ایکسپریس

تیموریہ پولیس نے شادی ہالوں میں وارداتیں کرنے والی خاتون کو گرفتار کرکے ملزمہ کے خلاف دفعہ 380 کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔

تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں واقع شادی ہال انتظامیہ کی مدد سے شادی ہالوں میں چوری کی وارداتیں کرنے والی خاتون خاتون بلقیس کو گرفتار کرکے ملزمہ کے خلاف زبیرالدین کی مدعیت میں درج کرلیا۔

زبیر الدین نے بتایا کہ 11 اگست کو اس کے رشتے دار سید حسنین حیدر کے ولیمے کی تقریب تھی کہ تقریب کے دوران دولہا کی والدہ کا سلامی کے لفافوں سے بھرا ہینڈ بیگ چوری ہوگیا جس کے بعد گھر والوں میں کھلبلی مچ گئی کیونکہ بیگ میں کم و بیش ڈھائی لاکھ روپے سے زائد کی رقم، دو لاکھ روپے مالیت کی طلائی چین و لاکٹ اور سام سنگ سی نائن موبائل فون تھا، شادی میں موجود تمام رشتے دار اور مہمان ایک دوسرے کو شک کی نظر سے دیکھ رہے  تھے کوئی بھی ہال سے جانے کو تیار نہیں تھا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم چلے گئے تو ایسا نہ ہو کہ ہم پر چوری کا شبہ کیا جائے۔

بعد ازاں ہال انتظامیہ نے ہال میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج گھر والوں کو دکھائی جس میں دیکھا گیا کہ ایک سیاہ چادر والی خاتون دولہا کی والدہ کے قریب آکر بیٹھی اسی دوران والدہ اپنا بیگ صوفے کے قریب رکھ کر کسی سے ملنے کے لیے اٹھی اور سیاہ چادر والی خاتون بیگ لے کر رفو چکر ہوگئی جس کے بعد واقعے کی درخواست تیموریہ تھانے میں دیدی گئی جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج بھی تھانے میں دیدی گئی۔

19 اگست کی شب خاتون دوبارہ اسی شادی ہال میں واردات کی نیت سے داخل ہوئی اور دلہن کے کمرے کے قریب ایک کرسی پر بیٹھ گئی تاہم شادی ہال انتظامیہ نے سی سی ٹی وی کیمرے میں خاتون کو دیکھ لیا اور شناخت کرکے فوری طور پر اسے پکڑ کر اپنے دفتر میں بٹھاکر زبیرالدین اور ان کے رشتے دار اظفر کو اطلاع کی جس پر وہ فوری طور پر شادی ہال پہنچ گئے اور خاتون سے باز پرس کی ابتدائی طور پر خاتون نے واردات سے انکار کیا۔

شادی ہال انتظامہ نے اس کی واردات کرتے ہوئے فوٹیج دکھاتے ہوئے کہا کہ اگر تم سچ بتادو تو ہم معاف کردیں گے اور پولیس کے حوالے نہیں کریں گے کی یقین دہانی کرائی تو خاتون نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے بیگ چوری کیا تھا اور میں موجود تمام لفافے نکالنے کے بعد بیگ قریبی نالے میں پھینک دیا تھا، ملزمہ کا کہنا تھا کہ لفافوں میں30 ہزار روپے تھے ، ملزمہ کا کہنا تھا کہ رقم اس نے خرچ کردی ہے اور اسے معاف کردیا جائے ، ملزمہ کے اعتراف جرم کے بعد ہال انتظامیہ نے ملزمہ خاتوں کو تیموریہ پولیس کے حوالے کردیا۔

شادی ہالوں میں چوریاں کرنے والی بلقیس 2سال قبل بھی پکڑی گئی تھی

شادی ہالوں میں چوری کی وارداتیں کرنے والی خاتون 2016 میں بھی ایک شادی ہال میں واردات کرتے ہوئے پکڑی گئی تھی جس کی فوٹیج فیس بک پر وائرل ہوئی تھی یہ بات متاثرہ خاندان کے افراد نے ایکسپریس کو بتائی انھوں نے بتایا کہ وہ شادی ہالوں میں واردتیں کرنے والوں کی فوٹیج فیس بک پر تلاش کررہے تھے کہ اسی دوران انھوں نے سال 2016 کی ایک فوٹیج دیکھی جس میں وہ خاتون جو ان کے ہاں واردات کرکے گئی تھی ایک شادی ہال میں واردات کرتے ہوئے پکڑی گئی تو اور کسی نے اس کی فوٹیج فیس بک پر شیئر کردی تھی۔

بلقیس نے نیوکراچی میں پلاٹ خریدا،رقم واپس کردو معاف کردیں گے،متاثرہ خاندان

شادی ہالوں میں چوری کی وارداتیں کرنے والی بلقیس خاتون کی عمر65 برس سے زائد ہے اور وہ نیو کراچی مدینہ کالونی کی رہائشی ہے اور گزشتہ ہفتے اس نے نیو کراچی مدینہ کالونی میں پلاٹ خریدا تھا جس پر جھرنپڑی بنی ہوئی ہے۔

اس بات کا اعتراف اس نے تیموریہ تھانے میں کیا خاتون کا کہنا تھا کہ چوری شدہ رقم اس سے  خرچ ہو گئی ہے اور اسے معاف کر دیا جائے تاہم متاثرہ خاندان کا کہنا تھا کہ ان کی رقم اور دیگر سامان واپس کردیا جائے تو وہ اسے نہ صرف معاف کر دیں گے بلکہ اپنی درج کرائی گئی ایف آئی آر بھی واپس لے لیںگے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔