عیدالاضحٰی پر فلمی میلہ سجنے کو تیار

معروف فنکاروں کے ساتھ خوبصورت لوکیشنزپربنی فلموں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان


ق۔ الف August 21, 2018
معروف فنکاروں کے ساتھ خوبصورت لوکیشنزپربنی فلموں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ہمیشہ کی طرح اس باربھی عیدالاضحی پر 3 بڑی پاکستانی فلموں کے درمیان مقابلہ ہوگا جن میں ہمایوں سعید کی ''جوانی پھر نہیں آنی 2''،مومنہ درید فلمزکی فلم ''پروازہے جنوں'' اور فضا علی میرزا اور نبیل قریشی کی فلم ''لوڈ ویڈنگ'' شامل ہیں۔ یہ تینوں بڑے بجٹ، بڑے پروڈکشن ہاؤسز اور بڑی کاسٹ کی فلمیں ہیں، جنہیں پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی ریلیزکیاجارہا ہے۔

''جوانی پھر نہیں آنی 2'' ایک رومانٹک کامیڈی فلم ہے جو2015ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''جوانی پھر نہیں آنی'' کا سیکوئل ہے لیکن کاسٹ میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سِکس سگما پلس کی اس پروڈکشن کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں جو اس سے پہلے''جوانی پھرنہیں آنی''اور'' میںپنجاب نہیں جاؤں گی'' کی ہدایات دے چکے ہیں۔ واسع چودھری نے فلم کا سکرپٹ لکھا ہے۔ جبکہ ہمایوں سعید،فہد مصطفٰی،احمد علی بٹ، واسع چودھری،ماورا حسین، کبریٰ خان، ثروت گیلانی، عظمیٰ خان، سفینہ بہروز اورسہیل احمد فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل ہیں۔ کبریٰ خان،ماورا حسین اور فہد مصطفی اس سیکوئل میں نیا اضافہ ہیں۔

فلم کے ٹیزر،ٹریلر اورگانوں کو کافی پسند کیا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر فلم کا کافی چرچا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو فلم کا شدت سے انتظار ہے۔ حمزہ علی عباسی کی جگہ اس فلم میں فہد مصطفی نے لی ہے۔ فلم میں پنجابی سٹائل کے گانے بھی شامل ہیں۔کامیڈی، رومانس اور سسپنس سے بھرپور فلم میں بھارتی اداکار کنول جیت سنگھ کے علاوہ ماڈل عمر شہزاد بھی اداکاری کررہے ہیں۔کنول جیت سنگھ کبریٰ خان کے والد کاکردار کررہے ہیں۔ فلم کی عکس بندی ترکی اور دبئی کی خوب صورت لوکیشنز پر ہوئی ہے۔کہانی 4 افراد کے گرد گھومتی ہے اور یوں ایک کے بعد دوسری صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

ہمایوں سعیدکی کبریٰ خان اورفہد مصطفی کی ماورا حسین کے ساتھ جوڑی ہے۔ فلم کے گانوں''بہکارے'' اور''تلے والی جتّی'' کو سوشل میڈیا پر کافی پسند کیا گیا ہے۔ ''بہکارے'' کو یوٹیوب پر 12 لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھا جسے شیراز اُپل نے گایا اور کمپوز کیا ہے جبکہ ''تلے والی جتّی'' عارف لوہار اور احمد علی بٹ نے گایا ہے جو پنجابی اور انگریزی کا خوب صورت امتزاج ہے۔ یہ فلم پاکستان کے علاوہ برطانیہ،کینیڈا، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے ممالک میں بھی ریلیز کی جائے گی۔اس فلم میں اداکارہ سارہ لورین کو بھی ایک آئٹم نمبر کرتے ہوئے دیکھا جائے گا۔

فلم ''پرواز سے جنوں'' پاکستان کی فضائی سرحدوں کے محافظوں یعنی پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین ہے، فلم کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی ہے جبکہ حسیب حسن نے اسے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اسے بھی پاکستان کے علاوہ دیگر ملکوں میں ریلیز کیا جائے گا۔ حمزہ علی عباسی، حانیہ عامر ،احدرضا میر، شاذ خان اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل ہیں۔ 6 جولائی کو فلم کا آفیشل ٹریلرریلیز ہوا تھا جسے بہت پسند بھی کیا گیا، صرف یوٹیوب پر 10 لاکھ سے زائد لوگوں نے ٹریلر دیکھا۔ فلم کی موسیقی عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار کے صاحبزادے اذان سمیع خان نے ترتیب دی ہے۔ پہلا گانا ''بلھیا'' ریلیز ہوا جس کے بعدعاطف اسلم کی آوازمیں''تھام لو''آیاجو حمزہ علی عباسی اور حانیہ عامر پر فلمایا گیا ہے۔

عید کی تیسری فلم ''لوڈ ویڈنگ''فلم والاپکچرز کے بینرتلے بنائی گئی ہے جسے نبیل قریشی نے ڈائریکٹ اورفضا علی میرزا نے پروڈیوس کیا ہے۔ اس کے بھی ٹیزر ٹریلر اور میوزک کو کافی پسند کیا گیا ہے۔ فہد مصطفی اور مہوش حیات اس فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔اس طرح عیدالاضحی پر فہد مصطفی کی دو فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہو رہی ہیں۔اگرچہ پہلی فلم ''جوانی پھر نہیں آنی ''میں ان کا کردار مرکزی نہیں ہے۔

فہدمصطفی فلم میں''راجہ' اور مہوش حیات''میرو'' کا کردار کر رہی ہیں۔فلم کی کہانی کچھ یوں ہے کہ راجہ میرو سے شادی کا خواہش مند ہوتا ہے لیکن یہ شادی اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک راجہ کی بڑی بہن کے ہاتھ پیلے نہیں ہو جاتے۔ فائزہ حسن راجہ کی بڑی بہن اور ثمینہ احمد والدہ کا کردار کر رہی ہیں۔ معروف کمپیئر نور الحسن بھی اس فلم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔فلم کو زی انٹرنیشنل اسٹوڈیو اشتراک سے ریلیز کیا جائے گا۔ پاکستان کے علاوہ فلم امریکہ' کینیڈا' برطانیہ' سنگاپور' جنوبی افریقہ'آسٹریلیا' نیوزی لینڈ'فجی اورماریشس اور خلیجی ممالک میں بھی ریلیز کی جائے گی۔

فلم میں شادی بیاہ کی رسموں کے بوجھ کو دلچسپ اور ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا جائے گا اور اسے ''لوڈ ویڈنگ'' کا نام دیا گیا ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ہمارے ہاں دھوم دھام سے شادی کرنے پر جو اخراجات آتے ہیں اس سے کئی لڑکیوں کی شادی ہو سکتی ہے۔ لاہور' کراچی' وزیر آباد' سیالکوٹ اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں فلم کی عکس بندی کی گئی ہے اس طرح فلم میں پنجاب کی حقیقی تصویر نظر آئے گی۔ شانی ارشد نے فلم کی موسیقی دی ہے۔مہوش حیات اور فہدمصطفی پر فلمائے گئے گانے''منڈے لاہور دے'' کی بھی کافی دھوم ہے جسے محسن عباس حیدر اور صائمہ جہاں نے گایا ہے۔

نگاہ حسین نے اس گانے کی کوریو گرافی کی ہے۔ فلم میں کل 5 گانے شامل ہیںجن میںرنگیا،گڈ لک،منڈے لاہور دے، کوچ نہ کریں اور فقیرہ شامل ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس بار عید کے اہم موقع پر صرف تین ہی پاکستانی فلمیں ریلیز کی جارہی ہیں جبکہ لاہور سے بنائی جانے والی کوئی چھوٹے بجٹ کی فلم بھی ریلیز نہیں ہورہی اور نہ ہی کوئی بھارتی فلم ریلیز کی جارہی ہے البتہ کچھ پشتو فلمیں ضرور نمائش کے لئے پیش کی جائیںگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔