اٹلی میں سیلاب سے 11 سیاح ہلاک، 5 لاپتہ

ویب ڈیسک  منگل 21 اگست 2018
بلند پہاڑوں میں گھری کھائی میں سیلاب کا پانی جمع ہو جانے سے ہائیکرز ڈوب گئے۔ فوٹو : سوشل میڈیا

بلند پہاڑوں میں گھری کھائی میں سیلاب کا پانی جمع ہو جانے سے ہائیکرز ڈوب گئے۔ فوٹو : سوشل میڈیا

روم: جنوبی اٹلی کے سیاحتی علاقے کی گہری کھائی میں سیلاب کا پانی جمع ہو جانے سے 11 سیاح ڈوب کر ہلاک ہوگئے جب کہ 23 سیاحوں کو بچا لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی اٹلی کے سیاحتی مرکز میں پہاڑوں کے درمیان ایک کھائی میں اچانک سیلاب کا پانی داخل ہونے سے 40 سے زائد سیاح سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ سیلابی ریلہ اتنی تیزی سے داخل ہوا کہ سیاحوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔ ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کی اکثریت غیر ملکی سیاحوں کی ہے۔

ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ 6 خواتین سمیت 11 افراد کی لاشیں بر آمد ہوئی ہیں جب کہ 23 افراد کو بچا لیا گیا ہے جن میں سے 12 سیاحوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ اب بھی 5 افراد لا پتہ ہیں۔ دشوار گزار مقامات ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ہلاک و زخمی افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اٹلی کے جنوبی علاقے کالا بریا کے بلند پہاڑوں سے گھری تنگ کھائی ’ہائیکرز‘ کی پسندیدہ ترین جگہ ہے۔ اس علاقے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں دنیا بھر سے ’ہائیکرز‘ آتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔