پولیس اہلکار کا شہادت سے قبل وزیراعظم عمران خان کے نام پیغام وائرل

ویب ڈیسک  منگل 21 اگست 2018
شہید اہلکار نے سندھ پولیس کی تنخواہ خیبرپختون خوا پولیس کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا تھا فوٹو:سوشل میڈیا

شہید اہلکار نے سندھ پولیس کی تنخواہ خیبرپختون خوا پولیس کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا تھا فوٹو:سوشل میڈیا

 کراچی: کریم آباد پل کے قریب فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار عمران کی وزیراعظم عمران خان کے نام پیغام کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کریم آباد میں پل کے قریب فائرنگ سے شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل عمران کی شہادت سے کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان کے نام جاری کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

شہید ہیڈ کانسٹیبل عمران نے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان سے سندھ پولیس کی تنخواہ خیبرپختونخوا پولیس کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا تھا، عمران نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ پنجاب سمیت باقی تینوں صوبوں کی پولیس کی تنخواہ سندھ پولیس سے زیادہ ہے لہذا اس پر نظر کرم فرمائیں۔

واضح رہے کہ 3 دن قبل تھانہ شریف آباد میں انٹیلی جینس ڈیوٹی پر متعین عمران کو کریم آباد پل کے قریب نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔