عید کے 2 دن 6 سرکاری ہائیڈرینٹ بند شہر میں پانی کے شدید بحران کا خدشہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 22 اگست 2018
واٹربورڈافسران کی ملی بھگت سے ٹینکرمافیاکولائنوں سے پانی چوری کرکے فر اہم کیاجاتاہے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

واٹربورڈافسران کی ملی بھگت سے ٹینکرمافیاکولائنوں سے پانی چوری کرکے فر اہم کیاجاتاہے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

 کراچی: عید الاضحی کے2دن شہریوں کو پانی کی شدید قلت کاسامنا رہے گا۔

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عید اور باسی عید والے دن سرکاری ہائیڈرنٹس بند رہیں گے شہر میں کوئی بڑا حادثہ یا واقعہ پیش آجانے کی صورت میں سخی حسن اور نیپا ہائیڈرنٹس سے پانی فراہم کیا جائے گا لیکن شہریوں کو ٹینکر کے ذریعے پانی کی فراہمی بند ر ہے گی۔

واٹر بورڈ کے شہر میں 6 ہائیڈرنٹس ہیں جو شہریو ں کو ٹینکر کے ذریعے پانی فراہم کرتے ہیں عید کے دنو ں میں واٹربورڈ کی جانب سے شہریوں کو خصوصی سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے جاری سہولت ہی کم کردی گئی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی پہلے ہی بند ہے جس کے باعث ان علاقوں کو ٹینکر کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو عید کے دنوں میں مزید مشکلات کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے کراچی کے وہ علا قے جن میں پانی کی فراہمی بند ہے ان میں بفرزون، نارتھ کراچی ،کورنگی، سرجانی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، محمودآباد سمیت دیگر علاقے شامل ہیں جہا ں لاکھوں کی تعداد میں مکین آباد ہیں ان علاقوں میں شہری پانی احتیاط سے استعمال کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں سرکاری ہائیدرنٹس بند ہونے سے ٹینکر مافیا سرگرم ہو جائے گا جو مہنگے داموں ٹینکر فر اہم کریں گے اور عید میں شہری مہنگے داموں پا نی خریدنے پر مجبور ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ہائیڈرنٹس انچارج شکیل قریشی سمیت دیگر اہم افسران کی ملی بھگت سے ٹینکر مافیا کو واٹربورڈ کی لائنو ں سے پانی چوری کرکے فر اہم کیا جاتا ہے شکیل قریشی کی ایما پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری ہائیڈرنٹس بندکیے گئے ہیں،ٹینکر مافیا شہریوں سے عیدکے دنوں میں بڑی رقم بٹورلے،شہریوں نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ عید کے دنوں میں سرکاری ہائیڈرنٹس کو ہنگامی بنیاد پر کھولا جائے جو24گھنٹے شہریوںکو پانی فراہم کریں۔

عید تعطیلات کے دوران معمول کے مطابق کام ہوگا،واٹر بورڈ

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی نے عید تعطیلات کے دوران شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم اور نکاسی آب کی سہولت کی فراہمی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں ،شہر اور شہر سے باہر پمپنگ اسٹیشنوں سمیت تمام تنصیبات،واٹربورڈ کے مرکزی شکایتی مرکز سمیت ضلعی شکایتی مراکز پرعید تعطیلات کے دوران معمول کے مطابق کام ہوگا۔

شہریوں کی فراہمی و نکاسی آب سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام متعین عملہ 3 مختلف شفٹوں میں فرائض انجام دے گا جبکہ واٹربورڈکے ہائیڈرنٹس عید کے پہلے 2 روز ٹینکرز ڈرائیوروں کی عدم دستیابی کے باعث بند رہیں گے۔

اس دوران صرف ایمرجنسی کی صورت میں سخی حسن اور نیپا ہائیڈرینٹس سے پانی کی فراہمی جاری رہے گی، ایمرجنسی کی صورت میں سخی حسن اور نیپا ہائیڈرنٹس سے پانی کی فراہمی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں کسی بھی حادثاتی صورتحال میں سخی حسن ہائیڈرنٹ پر فون نمبر99333062 ، 99333063 ،99333060 ،99333061 اور نیپا ہائیڈرنٹ پر فون نمبر 34811162 ، 34811163 ، 34811165  پررابطہ کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔