گراں فروشوں کی ’’لوٹ مار‘‘، سبزیاں مزید مہنگی

کاشف حسین  بدھ 22 اگست 2018
شہریوں نے باربی کیو،کڑھائی گوشت، کباب ، کلیجی اور دیگر لوازمات کے لیے بازاروں اور سپر اسٹورز کا رخ کرلیا۔ فوٹو: ایکسپریس

شہریوں نے باربی کیو،کڑھائی گوشت، کباب ، کلیجی اور دیگر لوازمات کے لیے بازاروں اور سپر اسٹورز کا رخ کرلیا۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی:  عیدالاضحی کی آمد پر ہرے مصالحے اور مخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ سبزیوں اور ہرے مصالحے کی قیمتوں میں گراں فروشوں کی جانب سے کیے جانے والے من مانے اضافے کو کنٹرول کرنے اور سرکاری نرخ نامے کے اطلاق میں قطعی طور پر ناکام ہوگئی۔

گراں فروشوں نے مخصوص سبزیوں اور ہرے مصالحے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے، بازاروں میں ٹماٹر، ہری مرچ، لیموں، دھنیہ ،پودینہ ،ادرک اورلہسن کی خریداری زوروں پر جاری ہے ،سبزی فروش من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں، قربانی کے گوشت سے پکوان کی تیاری کے لیے مصالحہ جات کی خریداری چاند رات تک جاری رہی۔

شہریوں نے باربی کیو،کڑھائی گوشت، کباب ، کلیجی اور دیگر لوازمات کے لیے بازاروں اور سپر اسٹورز کا رخ کرلیا، شہر کے مختلف بازاروں میں ٹماٹر کی قیمت 80 روپے کلو تک پہنچ گئی جو عید کی تعطیلات کے دنوں میں100روپے تک پہنچ جائے گی، عید سے ایک ہفتہ قبل تک ٹماٹر40 سے 50 روپے کلو قیمت پر فروخت کیا جارہا تھا۔

گوشت کے کھانوں میں ادرک لہسن کا استعمال لازم ہوتا ہے ، عام دنوں کی نسبت عید کی تعطیلات اور بعد میں قربانی کے گوشت سے پکوان بنانے میں بڑے پیمانے پر ادرک اور لہسن کا استعمال کیا جاتا ہے عید سے قبل شہری عام دنوں کے مقابلے میں چار سے پانچ گنا زائد مقدار میں ادرک لہسن خریدتے ہیں جو گھروں میں گرائنڈ کرنے کے بعد برنیوں میں بند کرکے رکھا جاتا ہے تاکہ کھانوں کی تیاری کے وقت ادرک لہسن کی پسائی پر لگنے والے وقت کو بچایا جاسکے۔

عید پر ادرک لہسن کی قیمت میں فی کلو 40سے 60روپے کا اضافہ ہوا ہے شہر کے مختلف بازاروں میں ادرک اور لہسن 50 سے 60روپے پاؤ اور 220 سے 240 روپے کلو قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے، تکے کباب ہوں اور لیموں کا تڑکا نہ ہو ایسا ممکن نہیں عید پر دیگر مصالحہ جات اور لوازمات کے ساتھ لیموں کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے لیموں کی طلب بڑھنے کے ساتھ ہی لیموں کی قیمت بھی بڑھادی جاتی ہے۔

بازاروں میں چھوٹے اور درمیانے سائز کا لیموں 50 روپے پاؤ فروخت ہورہا ہے جبکہ بڑے سائز کا لیموں 60 سے 70روپے پاؤ فروخت کیا جارہا ہے، دھنیا پودینہ کھانوں میں خوشبو کو بڑھانے اور پکوان کی ظاہری خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

عید قرباں کے پکوانوں کے لیے دھنیا پودینہ اور ہری مرچوں کا استعمال خاص طور پر کیا جاتا ہے، عام دنوں میں 10روپے میں فروخت ہونے والی دھنیے پودینے کی گڈیاں اب 20 روپے میں فروخت کی جارہی ہیں اور گڈی کا حجم بھی کافی کم کردیا گیا ہے ، ملیر کی چھوٹی سبز مرچ 40روپے پاؤ جبکہ بڑ ی مرچ 30روپے پاؤ قیمت پر فروخت ہورہی ہے۔ مرچوں کی قیمت میں بھی 20روپے کلو تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

گوشت کے تیار کھانوں کو ہاضمے میں مدد دینے اور اصلاح معدہ کے لیے سلاد کا استعمال ضروری ہے عید پر اکثر گھرانوں میں سلاد کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے سبزی فروش اس ضرورت سے بھی فائدہ اٹھارہے ہیں عام دنوں میں 40 روپے کلو فروخت ہونے والا کھیرا چھوٹے بازاروں اور گلی محلے کی دکانوں پر 60 روپے کلو اور پوش علاقوں کی دکانوں پر 80 روپے کلو قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔

سلاد کے پتے نایاب ہوچکے ہیں سلاد کے پتے جو عید سے قبل 30 سے 40 روپے پاؤ فروخت ہورہے تھے اب 60 روپے پاؤ فروخت ہورہے ہیں، پیاز کی قیمت میں قدرے استحکام ہے درمیانے سائز کی پیاز 30 روپے اور بڑی پیاز40 روپے کلو فروخت ہورہی ہے چھوٹی پیاز 20 سے 25 روپے کلو فروخت ہورہی ہے آلو کی قیمت 25 روپے کلو وصول کی جارہی ہے۔

گوشت کے آگے دیگر ہری سبزیوں کی مانگ کم ہونے کے باجود شہر بھر میں گوبھی، ٹنڈے، لوکی، کریلے 80 روپے کلو قیمت پر فروخت ہورہے ہیں پالک کی قیمت 40سے 50روپے کلو وصول کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔