نجم سیٹھی کی رخصتی؛ ملازمین پر چھائے خوف کے بادل چھٹ گئے

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  بدھ 22 اگست 2018
سیٹھی کے چہیتوں نے بوریا بسترگول کرنا شروع کردیا،کئی کی ملازمتیں خطرے میں۔ فوٹو:فائل

سیٹھی کے چہیتوں نے بوریا بسترگول کرنا شروع کردیا،کئی کی ملازمتیں خطرے میں۔ فوٹو:فائل

 لاہور:  نجم سیٹھی کی رخصتی کے ساتھ ہی بورڈ ملازمین پر چھائے خوف کے بادل چھٹ گئے۔

گزشتہ دنوں ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی8ماہ سے مختلف کمپنیوں کی مدد سے ملازمین کی گفتگو کا ریکارڈ حاصل کررہے تھے، ان کا کہنا تھا’’میری چڑیا کہتی ہے کہ گھر کے بھیدی ہی لنکا ڈھاتے ہیں،لوگوں کو قابو کرنے کا یہی طریقہ ہے، بورڈ میری مرضی سے چلے گا۔‘‘

ذرائع کے مطابق فون ٹیپ کرنے کا معاملہ گورننگ بورڈ میں بھی زیر بحث آیا تھا۔ اس ماحول کی وجہ سے میڈیا کے نمائندوں کو بھی بورڈ حکام سے رسمی معلومات حاصل کرنے میں دشواری پیش آتی رہی۔

گزشتہ روز ذرائع نے انکشاف کیا کہ آخری دنوں میں نجم سیٹھی نے ملازمین سے ایک حلف نامے پر دستخط بھی کرائے جس میں کہا گیا تھا کہ بورڈ کے معاملات پر کسی بھی شخص سے بات نہ کریں،ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس خوف اور غیر یقینی کی فضا میں مجبور ہوکر وہ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرنے سے گریز کرتے رہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائلہ بھٹی نے استعفٰی دیدیا، اسسٹنٹ منیجر عون زیدی پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم میں موجود اپنا سامان واپس لے جا چکے،عماد حمید چھٹیاں منانے تھائی لینڈ گئے ہوئے ہیں،ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین بھٹی کے سرکاری ادارے میں واپس جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹرکرکٹ آپریشنز ہارون رشید،ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ، ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر خیام قیصر کی نوکریاں بھی خطرے میں ہیں،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا عہدہ تبدیل ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔