شریف فیملی ٹرائل، ججز کا 5 ویں بار توسیع کیلئے سپریم کورٹ سے رابطہ

عابد علی آرائیں  بدھ 22 اگست 2018
عدالت عظمیٰ دونوں احتساب عدالتوںکی درخواستوں پر اگلے ہفتے سماعت کرے گی، پہلے بھی 4 بارتوسیع مل چکی۔ فوٹو:فائل

عدالت عظمیٰ دونوں احتساب عدالتوںکی درخواستوں پر اگلے ہفتے سماعت کرے گی، پہلے بھی 4 بارتوسیع مل چکی۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: شریف خاندان اور سابق وزیرخزانہ اسحق ڈارکیخلاف مقدمات کا ٹرائل مکمل کرنے کی مدت میں پانچویں بارتوسیع کیلیے اسلام آبادکی2 احتساب عدالتوں کی طرف سے لکھے گئے مراسلے عدالت عظمیٰ کو موصول ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں3 رکنی بینچ درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ یاد رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارکیخلاف آمدن سے زائد اثاثوںکے ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیرکر رہے ہیں جبکہ شریف خاندان کیخلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسزکی سماعت احتساب عدالت کے فاضل جج ارشدملک کر رہے ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے جولائی میں چوتھی بار مدت میں توسیع کی تھی جس پر ایک ماہ کا وقت دیا گیا تاہم ہائیکورٹ کے حکم پرشریف خاندان کے مقدمات احتساب عدالت نمبر2 کو منتقل کردیے گئے۔ اسحاق ڈارکا مقدمہ عدالت نمبر ایک میں زیرسماعت ہے جس میں استغاثہ کے ابھی 3گواہان کے بیانات قلمبند ہونا باقی ہیں۔

یاد رہے کہ 28 جولائی2017کوسپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے کر نیب کو شریف خاندان کیخلاف مقدمات درج کرنے اور6 ماہ میں ان کیسزکا فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسزکے ٹرائل کا آغاز 14 ستمبر 2017 کو ہوا تھا۔اس سے پہلے بھی4 بار احتساب عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ نے شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسزکی کارروائی مکمل کرنے کی ڈیڈلائن میں توسیع کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔