121 سیاسی جماعتوں نے مالی گوشوارے جمع نہیں کروائے

تنویر محمود راجہ  بدھ 22 اگست 2018
29 اگست تک تفصیلات جمع نہ کرانے پررجسٹریشن منسوخ ہو سکتی ہے۔ فوٹو:فائل

29 اگست تک تفصیلات جمع نہ کرانے پررجسٹریشن منسوخ ہو سکتی ہے۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی طرف سے بار بارکی یاددہانیوں کے باوجود اس وقت تک ملک بھرکی 121 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے کسی جماعت نے اپنے مالی گوشواروں کی سالانہ تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائیں۔

ذرائع کے مطابق 29 اگست تک تفصیلات جمع نہ کرانیوالی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی، الیکشن کمیشن کے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کے پاس اپنے مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے کیلیے 7 دن باقی رہ گئے ہیں، بار بارکی یاددہانیوں کے باوجود اس وقت تک ملک بھرکی کسی رجسٹرڈ سیاسی جماعت نے اپنے مالی گوشواروں کی سالانہ تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائیں۔

الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن20کے تحت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہونے والی تمام سیاسی جماعتوں کو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے آڈٹ شدہ اپنے مالی گوشواروں کی سالانہ تفصیلات مالی سال کے اختتام کے60 دنوں کے اندر اندر الیکشن کمیشن میں جمع کرانا لازمی ہے،اس ضمن میں پارٹی سربراہ کی طرف سے دستخط شدہ سرٹیفکیٹ بھی فارم ڈی کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہے۔تفصیلات میں سیاسی جماعتوں کی طرف سے ممنوعہ ذرائع سے فنڈ نہ لینے اورکسی بھی چیزکو خفیہ نہ رکھنے کا بیان حلفی بھی جمع کرایا جائیگا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں اس وقت 121 سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں تاہم اس عرصے میںتفصیلات  جمع نہ کرانیوالی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔