پولیس بد امنی پر قابو پانے میں ناکام،17تھانیداروں کے تبادلے

نامہ نگار  جمعرات 23 مئ 2013
ایس ایس پی جاوید جسکانی کی تعیناتی کے بعد نواب شاہ شہر اور ضلع میں جرائم پر کنٹرول نہیں کیا جاسکا۔ فوٹو: فائل

ایس ایس پی جاوید جسکانی کی تعیناتی کے بعد نواب شاہ شہر اور ضلع میں جرائم پر کنٹرول نہیں کیا جاسکا۔ فوٹو: فائل

نوابشاہ:  ایس ایس پی جرائم پر قابو پانے میں ناکام ، سکرنڈ تھانے کی حدود سے اغوا کیا گیا نوجوان بازیاب نہ ہوسکا۔ قومی شاہراہ سے مسافر کوچز کو لوٹنے کا سلسلہ جاری۔

شہر میں چوری و ڈکیتیوں کی وارداتیں بھی کم نہ ہوسکی۔ ایس ایس پی صرف ایس ایچ اوز تبدیل کرنے میں مصروف۔ مزید18ایس ایچ اوز تبدیل کردیے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی جاوید جسکانی کی تعیناتی کے بعد نواب شاہ شہر اور ضلع میں جرائم پر کنٹرول نہیں کیا جاسکا۔ تین روز قبل سکرنڈ پولیس تھانے کی حدود سے عابد نامی نوجوان اغوا ہوگیا جسے تاحال پولیس بازیاب نہیں کراسکی جبکہ قاضی احمد سے اغوا کیا گیا نوجوان ممتاز بھٹی بھی بازیاب نہیں کیا گیا۔ دولت پور کے قریب بس مسافروں کو لوٹنے والے ڈاکوؤں کو بھی پولیس پکڑنے میں ناکام رہی۔

3روز قبل نواب ولی محمد کے قریب ایک پولیس اہلکار سے نامعلوم ملزمان موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ گزشتہ شب نواب شاہ کی مصروف ترین علاقے مونی بازار سے نامعلوم ملزمان نے اسلحے کے زور پر مقصود بیٹری والے کی دکان سے 50 ہزار روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ بڑھتی ہوئی بدامنی پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی نواب شاہ صرف تھانیدار تبدیل کرنے میں مصروف ہیں، گزشتہ روز 17 تھانوں کے ایس ایچ اوز تبدیل کیے ہیں، تھانہ اے سیکشن پر امام الدین چانڈیو، ایئر پورٹ تھانے پر مقصود منگھار، امتیاز اعوان کو انچارج پولیس مددگار، محمد رحیم گوپانگ کو کھڈر تھانہ، غلام سرور زرداری کو دوڑ تھانے پر ایس ایچ او مقرر کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔