پاک سوزوکی نے بھارت سے آٹوٹریڈ کی حمایت کردی

کاشف حسین / بزنس رپورٹر  جمعرات 23 مئ 2013
بھارت سے آلٹو کارکیلیے انجن درآمدکرناچاہتے ہیں، ہیرو فومی ناگاؤ، ’ایکسپریس‘ سے گفتگو. فوٹو: فائل

بھارت سے آلٹو کارکیلیے انجن درآمدکرناچاہتے ہیں، ہیرو فومی ناگاؤ، ’ایکسپریس‘ سے گفتگو. فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان کی سب سے بڑی آٹو کمپنی نے بھارت کے ساتھ آٹو سیکٹر میں تجارت کی حمایت کرتے ہوئے انڈسٹری کے خدشات کو غلط قرار دے دیا ہے۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیروفومی ناگاؤ نے آٹو سیکٹر میں پاک بھارت تجارت سے متعلق پاکستانی صنعت کے خدشات کو غلط قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے فائدہ مند قرار دیا ہے۔ مقامی ہوٹل میں سوزوکی موٹرسائیکل کی تعارفی تقریب کے موقع پر ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پاکستان کی آٹو سیکٹر میں تجارت سے نہ صرف آٹو کمپنیوں بلکہ پاکستان کی وینڈر انڈسٹری کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے پرامید ہیں کہ بھارت سے تجارت اور تعلقات کی بہتری کے لیے درست سمت میں قدم اٹھائے جائیں گے جس سے پاکستانی آٹو انڈسٹری کی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آٹو انڈسٹری تجارت کے ساتھ پاکستان کو ٹیکنالوجی کی منتقلی کیلیے بھی تیار ہے جو دونوں ملکوں کی آٹو انڈسٹری کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ خود پاک سوزوکی بھارت سے آلٹو کار کیلیے انجن درآمد کرنے کی خواہش مند ہے، بھارت سے انجن کی درآمد جاپان کے مقابلے میں سستی پڑے گی، آنیوالی حکومت کے سامنے یہ تجویز رکھی جائیگی۔

بھارت سے انجن کی درآمد کی تجویز سابقہ حکومت کے سامنے بارہا رکھی گئی تاہم جانے والی حکومت کی توجہ حاصل نہ کرسکے تاہم نئی حکومت سے امید ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر بناتے ہوئے آٹو سیکٹر میں تجارت کا راستہ کھولا جائیگا جس سے انجن درآمد کرکے پاکستانی صارفین کو آلٹو کار کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مارکیٹ کا حجم کم ہونے کی وجہ سے پیداواری لاگت بھی زیادہ ہے، اس کے برعکس بھارتی مارکیٹ کا حجم زیادہ ہونے سے پیداواری لاگت کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف سوزوکی کی آلٹو کار کی پیداوار بند ہونے سے پاکستان کے 70سے زائد وینڈرز کے کاروبار میں 50فیصد تک کمی کا سامنا ہے، بھارت سے انجن کی درآمد کے بعد آلٹو کار کی پیداوار ایک بار پھر شروع ہونے سے وینڈرز کے کاروبار میں بھی اضافہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔