قائد آباد پولیس نے قذافی ٹائون سے2بھتہ خورگرفتارکرلیے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 15 اگست 2012
 ملزمان نے ٹیکسٹائل مل کے جنرل منیجر سے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیاتھا،پولیس۔ فوٹو: فائل

ملزمان نے ٹیکسٹائل مل کے جنرل منیجر سے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیاتھا،پولیس۔ فوٹو: فائل

کراچی: قائد آباد پولیس نے قذافی ٹائون میں کارروائی کرتے ہوئے 2 بھتہ خوروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ ، کار ، موبائل فون اور بھتے کی پرچیاں برآمد کرلیں ، ملزمان اپنی گاڑی پر سندھ پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر وارداتیں کرتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع ملیر رائو انوار کی ہدایت پر ایس ایچ او قائد آباد امان اللہ مروت نے قذافی ٹائون پل کے قیرب کارروائی کرتے ہوئے 2 بھتہ خوروں سجاد خان ولد وزیر محمد خان اور صدام حسین ولد ایوب کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ ،پستول ،کار رجسٹریشن نمبر ARG-342 ، مسروقہ موبائل فون اور بھتے کی پرچیاں برآمد کرلیں ، ملزمان کار پر سندھ پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر وارداتیں کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے مقامی ٹیکسٹائل مل کے جنرل منیجر سے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا اور نہ دینے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دی تھیں ، گرفتار ملزمان تاجروں اور صنعتکاروں سے بھتہ وصول کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان شاہ لطیف ٹائون ، ڈاکس ، جیکسن ، فیروزآباد اور شہر کے دیگر علاقوں کی پولیس کو بھتہ خوری ، ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے ، اس سے قبل ملزمان نے شاہ لطیف ٹائون کے علاقے میں مقامی کیمیکل فیکٹری کے جنرل منیجر کو بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا ، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ، ان سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں کئی اہم انکشافات متوقع ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔