تاجر برادری میں احساس تحفظ کو فروغ دیا جائے، آئی جی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 23 مئ 2013
سیکیورٹی انتظامات تاجر نمائندوں سے مشاورت کے بعد مکمل کیے جائیں،اعلامیہ  فوٹو: فائل

سیکیورٹی انتظامات تاجر نمائندوں سے مشاورت کے بعد مکمل کیے جائیں،اعلامیہ فوٹو: فائل

کراچی:  آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ قیام امن اور بلا تعطل کاروباری سر گرمیوں کے لیے تاجر برادری میں احساس تحفظ کو فروغ دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پولیس آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کاروباری سر گرمیوں کے ضمن میں تاجر برادری کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے فوری عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں زونل ڈی آئی جیز کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے علاقوں کی تاجر تنظیموں سے رابطوں کو موثر بناتے ہوئے انھیں قیام امن، انسداد اسٹریٹ کرائم اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کیے جانے والے پولیس اقدامات پر اعتماد میں لیں۔

انھوں نے کہا کہ شہر میں امن امان کے قیام اور بلا تعطل کاروباری سر گرمیوں کے لیے ضروری ہے کہ تاجر برادری اور دیگر کاروباری افراد کو احساس تحفظ فراہم کیا جائے، شہر کے تمام صنعتی زونز و علاقوں میں ایس پی رینک کے پولیس افسران تاجروں تنظیموں کے نمائندوں سے باقاعدہ ملاقات اور اجلاس کر کے ان کی مشاورت اور تجاویز پر تمام صنعتی علاقوں کیلیے خاص اقدامات کیے جائیں، سیکیورٹی کے انتظامات تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے باہم مشاورت کے بعد ہی مکمل کیے جائیں، ایسے تمام علاقوں میں پولیس پٹرولنگ کے ساتھ اسنیپ چیکنگ اور پولیس پکٹس پر مستعد اہلکاروں کی تعیناتی کو بھی ممکن بنایا جائے، انھوں نے پولیس کو بھی خبردار کیا کہ شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کے ضمن میں کوئی عذر قابل قبول نہیں ہو گا اور غفلت و لا پروائی کی رپورٹ سامنے آنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔