اسد رؤف کو بھی کیس میں شامل کرنے کی کوشش

کرائم برانچ امپائر کی حرکات پرنظر رکھتے ہوئے میچز کی تحقیقات کر رہی ہے، میڈیا


Sports Desk May 23, 2013
بکیز اوروندو سے قریبی تعلق ہے، شری شانتھ کی نو بال میچ آفیشل نے نہیں پکڑی۔ فوٹو: فائل

بھارتی میڈیا نے پاکستانی امپائر اسد رؤف کو بھی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شامل کرنے کی کوشش شروع کردی۔

گذشتہ روز ایک اخبار نے بغیر نام لیے رپورٹ میں لکھا کہ ایک پاکستانی امپائر نے اس متنازع میچ میں فرائض نبھائے جس میں تینوں اسپاٹ فکسرز شری شانتھ، اجیت چنڈیلا اور انکیت چھاون کھیل رہے تھے، اخبار نے دعویٰ کیا کہ ممبئی کرائم برانچ مذکورہ امپائر کی حرکات پر نظر رکھتے ہوئے ان تمام میچز کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں انھوں نے ذمہ داری انجام دی، رپورٹ میں یہ بھی درج ہے کہ مذکورہ امپائر پر کچھ عرصے قبل ایک ماڈل نے ریپ کا الزام بھی عائد کیا تاہم بعد ازاں شکایت واپس لے لی، یاد رہے کہ اسد رؤف پر ہی بھارتی ماڈل لینا کپور نے الزامات لگائے تھے۔ پولیس کے مطابق اس مرحلے پر امپائر کو فکسنگ میں ملوث قرار نہیں دے سکتے۔



البتہ ہمیں اس بات پر حیرت ہوئی کہ گرفتار شدہ زیادہ تر بکیز اور اداکار وندو سے ان کا قریبی تعلق ہے، انھوں نے ہمیں امپائر کی سرگرمیوں کی تفصیلات بتائیں اور ہم حقائق جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک اور پولیس ذرائع نے کہا کہ بکیز نے امپائر سے اپنے قریبی تعلق اور ملاقاتوں کا تذکرہ کیا، ایسا لگتا ہے کہ وہ بھی اس اسکینڈل میں شامل ہیں، ہم اسی لیے انکوائری کر رہے ہیں۔

دریں اثنا پولیس کے پاس موجود ایک ٹیلیفونک گفتگو میں شری شانتھ بکی سے کہہ رہے ہیں کہ '' بھائی میں نے تو لاسٹ بال میں نو بال بھی کیا مگر امپائر نے نوٹس ہی نہیں لیا تو میری کیا غلطی ہے'' یاد رہے کہ 9 مئی کو کنگز الیون پنجاب سے میچ کے اس فکسڈ اوور میں پیسر نے13رنز دیے جو طے شدہ سے ایک رن کم تھے۔