شعیب ملک کو تجربے کے مدنظر منتخب کیا، چیف سلیکٹر

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 15 اگست 2012
آسٹریلیا سے سیریز میں پیسرز سہیل تنویر اورجنید فرنٹ لائن بولرز کا کردار ادا کریںگے  (فوٹو : فائل)

آسٹریلیا سے سیریز میں پیسرز سہیل تنویر اورجنید فرنٹ لائن بولرز کا کردار ادا کریںگے (فوٹو : فائل)

کراچی: آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز میں پیسرز سہیل تنویر اور جنید خان فرنٹ لائن بولرز کا کردار ادا کریںگے،اعزاز چیمہ اور انور علی ان کا بیک اپ ہوںگے، شعیب ملک کو تجربے کے مدنظر منتخب کیا، ان خیالات کا اظہارچیف سلیکٹر اقبال قاسم نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان بیٹسمین اظہر علی، اسد شفیق اور عمر اکمل ورلڈ کپ 2015 کی پلاننگ کا حصہ اور انھیں گروم کرنا ہے،

یواے ای کی وکٹیں اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی ہیں چنانچہ کپتان مصباح الحق کو اسپنرز سے اہم کردار کی توقع ہے،سہیل تنویر اور جنید خان فاسٹ بولنگ اٹیک سنبھالیںگے، انور علی کی صلاحیتیں جانچنے کے لیے انھیں چانس دیا گیا،وہ انڈر 19، پاکستان اے، ایمرجنگ پلیئرز وغیرہ سارے عمل سے گزر چکا چنانچہ اب قومی ٹیم میں شامل کرکے مستقبل کی پلاننگ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے کہا کہ سینئر بیٹسمین یونس خان کو آرام دینے کے بعد ایک تجربہ کار کھلاڑی کی ضرورت تھی چنانچہ شعیب کو چانس دیا گیا۔ انھوں نے سابقہ موقف دہراتے ہوئے کہا کہ یونس اور عمرگل بڑے کھلاڑی اور انھیں آرام دیا گیا ہے،آئوٹ آف فارم پلیئر ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد واپسی کیلیے سخت محنت کرتا اور ڈومیسٹک سیزن کے ذریعے اپنی فارم بحال کرتا ہے، ہمیں امید ہے کہ عمر اور یونس اہم سیریز سے قبل فارم میں آجائیں گے۔

سری لنکا پریمیئرلیگ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے بارے میں سوال پر اقبال قاسم نے کہا کہ جب ملک میں کرکٹ نہیں ہورہی ہو تو دنیا میں جہاں بھی ہمارے کھلاڑی کھیلیں سلیکٹرز ان کی کارکردگی دیکھ رہے ہوتے ہیں،سری لنکن لیگ میں بھی ہم ایسا ہی کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔