سپریم کورٹ الطاف حسین کی پارٹی حیثیت کی تفصیلات طلب

الیکشن کمیشن سے ثبوت لائیں کہ الطاف ایم کیو ایم کے سربراہ ہیں یانہیں،چیف جسٹس


Numainda Express May 23, 2013
سیاستدان تقریریں کرتے رہتے ہیں،کیاہر تقریر پر پیچھے لگ جائیں،جسٹس اعجاز فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی پارٹی میں سرکاری حیثیت کے بارے میں تفصیلات طلب کر لیں۔

الطاف حسین کے متنازع بیانات پر ان کے خلاف کارروائی کیلیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست گزارکو ہدایت کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن سے اس بات کا تحریری ثبوت لیکر عدالت میں پیش کریں کہ آیا الطاف حسین ایم کیو ایم کے سربراہ ہیں یانہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ملک میں حکومت اور قانون نافذکرنے والے ادارے موجود ہیں، وہ الطاف حسین کی اس تقریرکا نوٹس لے سکتے ہیں جبکہ جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے کہاکہ سیاستدان تقریریںکرتے رہتے ہیں،کیا اب سپریم کورٹ ہر تقریر پر ان کے پیچھے لگ جائے۔

وطن پارٹی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران بیرسٹر ظفراللہ پیش ہوئے اورکہا کہ ایم کیو ایم کے چیئرمین یا چیف، جوبرطانوی شہری اور لندن میں رہائش پذیر ہیں، نے کراچی کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہمارا مینڈیٹ قبول نہیں توکراچی کو پاکستان سے الگ کر دیا جائے۔انھوں نے الطاف حسین کے بیان کے اقتباسات پڑھ کر سنائے۔ ظفر اللہ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے ملک توڑنے کا بیان دیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ نے درخواست میں الطاف حسین کو تو فریق بنایا ہی نہیں، آپ کو الطاف حسین کی تقریر پر اعتراض ہے تو آپ نے ان کا نام کیوں نہیں لکھا۔



عدالت کو مطمئن کریں کہ کیا آپ کی درخواست قابل سماعت ہے اور پھر ملک میں حکومت موجود ہے قانون نافذکرنے والے ادارے ہیں آپ ان سے رابطہ کریں، وہ نوٹس لیں، آپ نے الطاف حسین کو پارٹی کا چیئرمین یعنی سربراہ لکھا ہے مگر شاید وہ پارٹی سربراہ نہیں ہیںبلکہ الیکشن کمیشن میںرجسٹرڈ ایم کیو ایم کے سربراہ شاید فاروق ستار ہیں۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ یہ رجسٹریشن محض انتخابی مقاصدکیلیے ہے، پارٹی دراصل الطاف حسین چلا رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ قانون کے مطابق چلیں اور پہلے عدالت کو مطمئن کریں کہ کیا الطاف حسین پارٹی کے سربراہ ہیں۔ اس بات کا قانونی طور پرپتہ آپ کو الیکشن کمیشن سے چلے گا ،آپ الیکشن کمیشن سے رجوع کریں،ان سے کہیں کہ سپریم کورٹ میں ایک کیس کی وجہ سے مجھے ایم کیو ایم کے سربراہ کا سرٹیفکیٹ چاہیے ،ان کا مکمل پتہ اور اس کی دیگر تفصیلات بھی عدالت میں پیش کریں کیونکہ اگر الطاف حسین پارٹی سربراہ ہیں تو پھر ان کی اس تقریر سے متعلق صورتحال مختلف ہوگی اور دیگر صورت میں مختلف ہوگی۔ان احکامات کے ساتھ عدالت نے مزید سماعت 4جون تک ملتوی کردی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں