طالبان سے مذاکرات پر تحفظات شرائط پرمنحصر ہیں،امریکی سفیر

 جمعرات 23 مئ 2013
مذاکرات آنے والی حکومت کی مرضی سے ہوں گے، ایوان صدرمیں صحافیوں سے گفتگو فوٹو: فائل

مذاکرات آنے والی حکومت کی مرضی سے ہوں گے، ایوان صدرمیں صحافیوں سے گفتگو فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات پر تحفظات کا انحصار مذاکرات کی شرائط کے مطابق ہوگا۔

پاکستان میں حالیہ عام انتخابات میں جمہوریت اور انتخابات کے مخالفین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔وہ بدھ کوایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی جانب سے چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ امریکی سفیر نے کہا کہ انتخابات میں جمہوریت پسندوں کی جیت ہوئی جبکہ جمہوریت اور الیکشن کے مخالفین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انھوں نے کہاکہ انتخابات کا انقعاد بہت بڑی کامیابی ہے۔ انتخابات میں ٹرن آؤٹ تاریخی رہا۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے جب صحافی نے سوال کیا کہ کیا امریکا کو طالبان کے ساتھ مذاکرات پر تحفظات تو نہیں ہوں گے توانھون نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات پاکستانی حکومت کی صوابدید ہے۔ مذاکرات آنے والی حکومت کی مرضی سے ہوں گے۔ جہاں تک تحفظات کا تعلق ہے تو انکا انحصار مذاکرات کی شرائط کے مطابق ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔