بجٹ غریب پرور ہوگا، لوڈشیڈنگ پر خصوصی توجہ دینگے، شہباز شریف

نمائندگان ایکسپریس  جمعرات 23 مئ 2013
انتخابی مہم کے دوران مخالفین کو اپنے صبر سے پریشان کر دیا، اب انشا اللہ حکومت بنانے کے بعد اپنی کارکردگی سے حیران کردینگے۔ فوٹو: فائل

انتخابی مہم کے دوران مخالفین کو اپنے صبر سے پریشان کر دیا، اب انشا اللہ حکومت بنانے کے بعد اپنی کارکردگی سے حیران کردینگے۔ فوٹو: فائل

لاہور: ن لیگ کے مرکزی رہنما و متوقع وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بجٹ کی تیاری کیلیے محکمہ خزانہ کو گائیڈ لائن جاری کر دی جبکہ شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ مالی سال 2013-14ء بجٹ غریب پرور ہونا چاہیے اور اس میں عوام کو سہولتیں اور ریلیف کیلئے تجاویز دی جائیں۔

ذرائع کے مطابق متوقع وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹائون لاہور میں اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری زراعت سمیت دیگر محکموں کے سیکریٹریز اور حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے متوقع چیف سیکرٹری جاوید اسلم سمیت ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بجٹ کی تیاری سمیت محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور شہباز شریف نے محکمہ خزانہ کو گائیڈ لائن جاری کر دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ پر خصوصی فوکس ہو گا جبکہ بجٹ مرتب کرتے وقت عوام کی سہولت کے لیے تجاویز کو مد نظر رکھا جائے ۔مسلم لیگ (ن) عوام کے مسائل سے آگاہ ہے اور انشااللہ بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق خادم پنجاب  میاں شہباز شریف نے صوبائی حکومت کے ذمہ داروں پر واضح کیا کہ ن لیگ کو عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے ، اس کا تقاضہ ہے کہ ہم بھی عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کریں۔ اس ضمن میں پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فی صد کم و بیش اضافہ ضرور کیا جائے جس کا اطلاق رننگ پے کی بجائے بنیادی پے پر ہو جبکہ ہر ممکن کوشش کی جائے کہ عوام پر نیا کوئی ٹیکس لاگو نہ کیا جائے۔ دریں اثنا پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  شہباز شریف نے کہا کہ ہم  وعدوں کے بجائے عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ پیشتر ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم لوڈشیڈنگ میں کمی سے لیکر تعلیمی مسائل کے حل تک ہر معاملے میں اپوزیشن کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔