جاری رہے سفر

ذیشان الحسن عثمانی  ہفتہ 25 اگست 2018
ہر شخص سفر سے اپنی طلب کے مطابق پاتا ہے، کسی کو بےخودی ملتی ہے تو کسی کی روح نکھرتی ہے۔ فوٹو: انٹرنیٹ

ہر شخص سفر سے اپنی طلب کے مطابق پاتا ہے، کسی کو بےخودی ملتی ہے تو کسی کی روح نکھرتی ہے۔ فوٹو: انٹرنیٹ

بچپن کی خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ اس میں سنی باتیں اکثر سمجھ نہیں آتیں مگر یاد رہتی ہیں۔ اُن زخموں کی طرح جن کا درد جاتا رہا مگر نشان رہ گیا۔ میرے ایک استادِ محترم مولانا عبدالرحمن صاحب اکثر مجھے کہتے کہ “سفر ہزار تالوں کی ایک کُنجی ہے”۔ اور یہ بات مجھے کبھی سمجھ نہ آتی۔ آتی بھی کیسے، سکھر جیسے شہر میں جہاں زندگی اپنے محدود وسائل کے ساتھ زندہ رہنے کا نام ہو وہاں بھلا کون سفر جیسی عیاشی کا سوچ سکتا تھا۔ میرے استاد کہتے، جب رزق بند ہو جائے تو سفر کرو، جب عقل بند ہو جائے تو سفر کرو، جب علم رک جائے توسفر کرو، جب چین چھن جائے تو سفر کرو، جب خُدا چھٹ جائے تو سفر کرو۔‘‘

آج سالوں بعد اور دنیا کے درجنوں ممالک گھومنے کے بعد یہ بات سمجھ میں آئی ہے۔ ابن بطوطہ کہتا تھا کہ سفر پہلے آپ سے قوتِ گویائی چھین لیتا ہے اور پھر آپ کو داستان گو بنا دیتا ہے۔

جب، جہاں، جتنا ہو سکے سفر کریں۔ قرآنِ مجید میں کم از کم 27 جگہ سفر کرنے یا اُس سے متعلق کسی بات کا ذکر ہے۔ اسلام علم کے حصول سے لے کر تجارت تک اور گزری قوموں کے حالات سے عبرت پکڑنے سے لے کر اللہ کی نشانیاں دیکھنے تک سفر کی ہمت افزائی کرتا ہے۔

آپ آئی فون کے بدلے نوکیا لے لیں اور ان پیسوں سے دبئی، سری لنکا یا آذربائیجان کا چکر لگا آئیں۔ آپ بہت کچھ سیکھیں گے۔ اجنبی زمین نہیں ہوتی، لوگ ہوتے ہیں۔ نئے لوگ، نئی ثقافت، نئے طور طریقے، نئی زبان اور نئے چال چلن سے بہت کچھ سیکھنے اور سکھانے کا موقع ملے گا۔ آپ دنیا گھوم کر اللہ کی صناعی کی داد دیں گے تو دنیا آپ سے مل کر اللہ کے بندے کو جانے گی؛ دونوں طرف سے ہی وِن-وِن سچوئیشن ہے۔

ویسے آپ کو آپس کی ایک بات بتاؤں؟ منزل ہمیشہ بے وقوفوں کو ملتی ہے، عقلمند تو ہمیشہ سفر میں رہتا ہے۔

بقول شاعر:

رہِ طلب میں کسے آرزوئے منزل ہے
شعور ہو تو سفر خود سفر کا حاصل ہے

آوارہ اور مسافر میں ایک ہی تو فرق ہے۔ آوارہ کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کہاں جا رہا ہے، اور مسافر کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کہاں سے آرہا ہے۔ سفر کرتے رہیں، دور تک چلے جائیں۔ ایک دن آپ کی آپ سے ملاقات ہو ہی جائے گی۔

سفر کی کئی اقسام ہیں اور ساری ہی اچھی ہیں۔ ایک سفر دنیا کا ہوتا ہے کہ آپ گھوم پھر کر دنیا کے لوگ، مذاہب، ثقافت اور طور طریقے دیکھتے ہیں۔ یقین جانیے، دنیا میں سب سے خوبصورت شئے دنیا ہی ہے، اسے دیکھنا چاہئیے۔ ایک سفر آدمی اپنے اندر کرتا ہے، اس کی تلاش میں جس نے یہ سب کچھ بنایا۔ ایک سفر مزاج کا ہوتا ہے، خود پرستی سے بےبسی تک… اور یہ ہم سب کرتے ہیں۔ ایک سفر اخلاقیات کا ہے جس میں بغیر راہبر چلنا بہت دشوار ہے کہ پاؤں یہاں پھسلا کہ وہاں پھسلا۔ ایک سفر ‘میں’ سے ‘تو’ کا ہے کہ بندہ اپنی ذات سے بچھڑ کر تُو ہی تُو کی گردان کرتا ہے۔ اور معراج بھی تو ایک سفر ہے کہ خُدا نے اپنے محبوب کو سب سے توڑ کر اپنے لیے چن لیا۔ اور موت بھی تو ایک سفر ہے جو ساری حقیقتوں کو سراب اور سراب کو حقیقت کر دیتی ہے۔ آخر میں آپ کو کچھ یاد نہیں رہے گا، نہ آفس میں گزارے جانے والے گھنٹے، نہ شاپنگ کی فہرست، نہ رخت سفر، نہ ہمسفر، نہ منزل، نہ قافلہ۔ ہاں! وہ لمحے جو کٹے سفر میں، وہ ضرور یاد رہیں گے۔

سفر عین الیقین کا مقام ہے۔ ہزار بار کسی شئے کے بارے میں سننے سے کہیں بہتر ہے کہ ایک بار اسے دیکھ لیا جائے۔

آپ دیکھیں گے کہ لوگ کیا کھاتے ہیں، کیا پیتے ہیں، کیا پہنتے ہیں، کیسے سوتے ہیں، کیسے رہتے ہیں۔ اور یہ سب کچھ آپ میں شکر پیدا کرے گا۔ سفر سے آپ یادداشتیں لے جاتے ہیں اور نقشِ پا چھوڑ جاتے ہیں۔ بقول شاعر

گو آبلے ہیں پاؤں میں پھر بھی اے رہروو
منزل کی جستجو ہے تو جاری رہے سفر

آپ دیکھیں گے کہ آپ سفر میں نئی زبان بڑی تیزی سے سیکھتے ہیں، یہ ماحول کا اثر ہے۔ ہمارے آس پاس بھی اگر خشیتِ الہیٰ اور معرفت کا ماحول ہو تو بندگی بھی آہی جاتی ہے۔ یاد رکھیے، جنہیں ساحلوں سے نظریں ہٹانے کی ہمت نہ ہو انہیں نئے جزیرے نہیں ملا کرتے۔ آپ ہمت کریں اور روز کی ایک نئی دنیا پا لیں۔

سفر کے دوران مجھے کثرت سے امریکی لوگ ملتے ہیں۔ بڑی عجیب قوم ہے۔ دور دراز، سرمایہ لگا کر ایشیاء، ساؤتھ امریکہ، میکسیکو میں اُنہی لوگوں کو وارفتگی سے دیکھتے ہیں، ان کی ثقافت کو داد دیتے ہیں جنہیں اپنے ہی ملک میں انسان سمجھنے کے روادار نہیں۔

سفر کبھی آسان نہیں ہوتا، اس میں مشکلات، تکالیف اور پریشانیاں آتی ہی ہیں۔ یہ ناگہانی مصیبتیں آپ کو درد دیتی ہیں، توڑتی ہیں، پر اپنا نشان اور یاد چھوڑ جاتی ہے۔ آپ ان سے سیکھتے ہیں، اور جواب میں کچھ سکھا جاتے ہیں۔ یہ سلسلہ چلتے رہنا چاہیے۔

ہر ملک کا اپنا ایک مزاج ہوتا ہے، اسے سمجھنا چاہیے۔ کہیں آپ کو پیسوں کی ریل پیل دکھے گی، کہیں بیماریوں کا ڈیرا، کہیں جسم زوال پذیر ہونگے تو کہیں افرا تفریح۔ یہ سارے موسم ہمارے اندر بھی چلتے ہیں۔ سیکھنا چاہئیے کہ ان موسموں کو دوام دینا کیسی تباہی لاتا ہے۔

ہر شخص سفر سے اپنی طلب کے مطابق پاتا ہے، کسی کو بےخودی ملتی ہے تو کسی کی روح نکھرتی ہے۔ کوئی گناہوں کی پوٹلی سمیٹتا ہے تو کوئی شکر کا ٹوکرا اٹھا لاتا ہے۔

کبھی میری طلب کچے گھڑے پر پار اترتی تھی
کبھی محفوط کشتی میں سفر کرنے سے ڈرتا ہوں

آپ کو ایک راز کی بات بتاؤں؟ آپ کو بھی یہ بات میرے بچپن کی طرح سمجھ نہیں آئے گی مگر سن لیں، جلدی کیا! زندگی پڑی ہے۔

صحیح سمت میں کھو جانا، غلط سمت میں پا لینے سے بہتر ہے۔

اللہ پاک ہم سب کو صحیح سمت میں سفر کی توفیق عطا فرمائیں، آمین!

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

ڈاکٹر ذیشان الحسن عثمانی

ذیشان الحسن عثمانی

ڈاکٹر ذیشان الحسن عثمانی فل برائٹ فیلو اور آئزن ہاور فیلو ہیں۔ ان کی تصانیف http://gufhtugu.com/authors/zeeshan-ul-hassan-usmani/ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ وہ کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور معاشرتی موضوعات پر باقاعدگی سے لکھتے ہیں۔ آج کل برکلے کیلی فورنیا، امریکہ میں ایک فرم میں چیف ٹیکنالوجی آفیسر ہیں۔ آپ ان سے [email protected] پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔