کسی دباؤ کے بغیر پاکستان کے ساتھ تعلقات جاری رکھیں گے، چینی وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2013
 پاکستان پوری دنیا میں امن کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے، پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات جاری رکھیں گے، چینی وزیراعظم۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

پاکستان پوری دنیا میں امن کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے، پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات جاری رکھیں گے، چینی وزیراعظم۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

اسلام آ باد:  چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ پاکستانی اور چینی بھائی بھائی ہیں، کسی دباؤ کے بغیر پاکستان  کے ساتھ تعلقات جاری رکھیں گے۔

سینیٹ کےخصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ سےخطاب ان کےلئےاعزازہے، پاک چین دوستی کی جڑیں دونوں مملکوں کے عوام کے دلوں میں ہیں، پاکستان کی سالمیت اورخودمختاری کے لئےحمایت جاری رکھیں گے، پاکستان ایک عظیم ملک ہے جس نے چیلنجوں کے باوجود ترقی کی ،وہ پاکستان کےعوام کی خوشحالی کےلئےدعاگوہیں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو سلیوٹ کرتے ہیں یہاں کے لوگ جفا کش اور محنتی ہیں۔

لی چیانگ نےکہا کہ پاکستان پوری دنیا بالخصوص جنوبی ایشیا میں امن کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے، جنوبی ایشیا میں ترقی کے لئے مثبت سوچ اپنانا ہوگی، پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات جاری رکھیں گے، انفراسٹرکچر، معاشی ترقی کے لئے پاکستان کی مدد کریں گے، ہم شاہراہ قراقرم اپ گریڈیشن اور پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو چین میں تعلیم کے لئے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔

چینی وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان ہرآزمائش پرپورا اترنے والا بہترین دوست ملک ہے، چین میں زلزلے کے دوران پاکستان کا تعاون کبھی فراموش نہیں کرسکتے، پاکستان سے 62 سال سے دوستانہ تعلقات ہیں، 6 دہائیوں پر مشتمل تعلقات آنے والی نسلوں کو منتقل ہورہے ہیں، ہماری دوستی دائمی ہے، کسی دباؤ کے بغیر پاکستان  کے ساتھ تعلقات جاری رکھیں گے،  میرے دورے سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی، وقت کے گزرنے کے ساتھ دونوں ملکوں کی دوستی مزید فروغ پائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی پرفخراورنازہے، پاکستانی اورچینی بھائی بھائی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔