امریکی حکومت نے پہلی مرتبہ ڈرون حملوں میں 4 امریکیوں کی ہلاکت کا اعتراف کر لیا

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2013
مارے جانے والے افراد کا تعلق القاعدہ سے تھا تاہم انہیں خاص طور پر نشانہ نہیں بنایا گیا،امریکی حکام   فوٹو: رائٹرز

مارے جانے والے افراد کا تعلق القاعدہ سے تھا تاہم انہیں خاص طور پر نشانہ نہیں بنایا گیا،امریکی حکام فوٹو: رائٹرز

واشنگٹن: امریکی حکومت نے پہلی مرتبہ پاکستان اور یمن میں ڈرون حملوں میں چار امریکیوں کی ہلاکت کا اعتراف کر لیا ہے۔

امریکی حکومت نے یہ اعتراف کیا ہے کہ سمندر پار ڈرون حملوں میں 4 امریکی شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں ، امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے پہلی مرتبہ ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے ، ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والے 3 امریکی شہری یمن کی سرزمین پر مارے گئے جبکہ ایک شہری پاکستان کی زمین پر نشانہ بنا ، یہ تمام افراد 2009 کے بعد ڈرون حملوں کی زد میں آئے۔

یمن میں مارے جانے والے افراد میں سب سے پہلے ” انور اولاکی ” ڈرون حملے میں ہلاک ہوئے بعد میں ایک دوسرے ڈرون حملے میں ان کا بیٹا ” عبدالرحمان اولاکی ” اور ایک دوسرا امریکی شہری ” سمیر خان ” بھی مارے گئے جبکہ پاکستان میں ہلاک ہونے والا واحد امریکی شہری ” جودے محمد ” تھا۔

امریکی حکام کے مطابق ان افراد کا تعلق القاعدہ سے تھا تاہم انہیں خاص طور پر نشانہ نہیں بنایا گیا بلکہ یہ عسکریت پسندوں کے خلاف معمول کی کارروائیوں کے دوران نشانہ بن گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔