انتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی درخواستیں خارج

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2013
ابرار الحق اور محمد حسین محنتی نے اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا .  فوٹو: فائل

ابرار الحق اور محمد حسین محنتی نے اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا . فوٹو: فائل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی جانب سے دائر درخواستیں خارج کردیں ہیں۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق اور جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین  محنتی کی جانب سے دائر متفرق درخواستوں کی سماعت کی، سماعت کے دوران ابرار الحق نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے حلقے میں مخالف امیدوار نے دھاندلی کی ہے، جس کی وجہ سے پورے حلقے میں سوگ کا عالم ہے،جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مخالف امیدواروں کی کامیابی کے بعد ملک کے کئی حلقوں میں ایسی ہی کیفیت ہوگی۔

چیف جسٹس نے قرار دیا کہ ابرار الحق اور محمد حسین محنتی کی جانب سے دائر درخواستیں آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے زمرے میں نہیں آتی، اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو مدعی اس سلسے میں متعلقہ اداروں سے رجوع کریں۔

واضح رہے کہ ابرار الحق اور محمد حسین محنتی نے اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا .

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔