جامعہ اردو، داخلوں کے لئے انٹری ٹیسٹ لینے کا فیصلہ پرائیویٹ ڈگری پروگرام بحال

صفدر رضوی  جمعـء 24 مئ 2013
امیدوارکے میرٹ میں 20فیصد نمبرمیٹرک ،30فیصد انٹرجبکہ 50فیصد نمبرداخلہ ٹیسٹ کے شامل کیے جائیں گے فوٹو: ایکسپریس/فائل

امیدوارکے میرٹ میں 20فیصد نمبرمیٹرک ،30فیصد انٹرجبکہ 50فیصد نمبرداخلہ ٹیسٹ کے شامل کیے جائیں گے فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی:  وفاقی اردویونیورسٹی کی انتظامیہ نے یونیورسٹی میں رائج داخلہ پالیسی کویکسرتبدیل کرتے ہوئے آئندہ تمام شعبہ جات میں داخلے انٹری ٹیسٹ کی بنیاد پردینے کافیصلہ کیاہے۔

جبکہ یونیورسٹی میں اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کاسلسلہ ختم کیاجارہا ہے ،اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ نے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشن کا شعبہ قائم کرتے ہوئے نئے ڈائریکٹرایڈمیشن کی تقرری کردی ہے اوراین ای ڈی یونیورسٹی کے سابق ڈائریکٹرایڈمیشن کمیٹی پروفیسرمحمود پٹھان کی بحیثیت ڈائریکٹرایڈمیشن اردویونیورسٹی تقرری عمل میں آگئی ہے،مزیدبراں یونیورسٹی انتظامیہ نے اپنے معطل شدہ پرائیویٹ ڈگری اور ماسٹرزپروگرام کوایک بارپھربحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں جامعہ کراچی کے سابق ڈپٹی رجسٹرار رجسٹریشن وکیل الرحمن کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔

وکیل الرحمن کوبحیثیت ڈپٹی رجسٹرارپرائیویٹ رجسٹریشن تقرری بھی کردی گئی ہے، وفاقی اردویونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفراقبال نے ’’ایکسپریس‘‘کو بتایا کہ اردو یونیورسٹی کا پرائیویٹ ڈگری اور ماسٹرزپروگرام گزشتہ کافی عرصے سے معطل ہے جس کے سبب یہاں سے پرائیویٹ بنیادوں پر بی کام ،بی اے اورایم اے کرنے کے خواہشمند طلبہ وطالبات دیگرجامعات کارخ کررہے ہیں تاہم اب یونیورسٹی نے پرائیویٹ رجسٹریشن پروگرام کوبحال کرتے ہوئے اس شعبے کواگزامینیشن سے علیحدہ کردیا اورایک علیحدہ شعبہ قائم کرتے ہوئے وہاں تجربہ کارافسروکیل الرحمن کی تقرری کردی ہے۔

وائس چانسلرکاکہنا تھا کہ اردویونیورسٹی نے آئندہ تعلیمی سال 2014میں یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں داخلے انٹری ٹیسٹ پردینے کااصولی فیصلہ بھی کرلیا ہے اوریونیورسٹی سائنس ،آرٹس ،بزنس ایڈمنسٹریشن قانون اور فارمیسی کی فیکلٹی میں مجموعی طورپراوپن میرٹ پر داخلوں کاسلسلہ ختم کررہی ہے آئندہ تمام داخلے انٹری ٹیسٹ کی بنیاد پردیے جائیں گے تاہم ابھی یہ طے کرناباقی ہے کہ یہ ٹیسٹ این ٹی ایس کے تحت لیاجائے گایا یونیورسٹی خود انٹری ٹیسٹ کااہتمام کرے گی ڈاکٹرظفراقبال نے بتایاکہ داخلوں کے سلسلے میں اصولی طورپرطے کیاگیاہے کہ امیدوارکے میرٹ میں 20فیصد نمبرمیٹرک ،30فیصد انٹرجبکہ 50فیصد نمبرداخلہ ٹیسٹ کے شامل کیے جائیں گے جس کی بنیادپرمیرٹ طے کیاجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔