کورنگی: پانی کی عدم فراہمی کیخلاف مکینوں کا احتجاج

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 مئ 2013
پولیس کے لاٹھی چارج کے دوران خواتین اور بزرگ ڈنڈے لگنے سے زخمی ہو گئے (فوٹو ایکسپریس)

پولیس کے لاٹھی چارج کے دوران خواتین اور بزرگ ڈنڈے لگنے سے زخمی ہو گئے (فوٹو ایکسپریس)

کراچی:  کورنگی میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ۔

پولیس نے لاٹھی چارج کر کے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کردیا ، لاٹھی چارج کے دوران کئی خواتین اور بزرگ ڈنڈے لگنے سے زخمی ہو گئے ، تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی نمبر ڈھائی سیکٹر 34/2 میں بسم اﷲ چوک کے قریب علاقہ مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین ، برزگ اور بچے بھی شامل تھے، اس موقع پر احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ کورنگی نمبر ڈھائی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کئی ماہ سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی معطل ہے جس سے باعث وہ کھارا یا بورنگ کا پانی پینے کے لیے استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کے باعث لوگ بیمار ہو رہے ہیں۔

پانی کی عدم فراہمی سے متعلق کئی بار متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی مجبور ہو کر وہ سڑک پر احتجاج کر رہے ہیں، احتجاج کے دوران چند مشتعل مظاہرین نے سڑک سے گزرنے والی بسوں اور گاڑیوں پر پتھراؤ کر کے ان کے شیشے بھی توڑ دیے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بلاک کردیا۔

سادہ لباس میں موجود پولیس اہلکاروں نے احتجاجی مظاہرین پر لاٹھی چارج کر کے انہیں گلیوں میں دھکیل دیا، پولیس اہلکاروں کے لاٹھی چارج کے دوران کئی خواتین اور بزرگ ڈنڈے لگنے سے زخمی ہوگئے احتجاجی مظاہرین کچھ دیر تک گلیوں میں موجود رہنے کے بعد منتشر ہو گئے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔