بڑی عید کے بڑے پکوان

منیرہ عادل  پير 27 اگست 2018
کم بجٹ میں اچھی دعوت کرنا ممکن ہے

کم بجٹ میں اچھی دعوت کرنا ممکن ہے

مہمانوں کی خاطر تواضع اور دعوتوں کا اہتمام مہمان داری کی خاص روایت ہے۔

بہ فضل خدا آج بھی ہمارے معاشرے میں عزیز و اقرباء اور احباب کی دعوتیں کرنا خوشی اور برکت کا باعث سمجھا جاتا ہے۔ زندگی کتنی ہی مصروف کیوں نہ ہو،لیکن خواتین خانہ مہمانوں کے لیے کھانوں کا خصوصی اہتمام ضرور کرتی ہیں۔ عموماً کھانوں میں مہمانوں کی پسند کے پکوان تیار کیے جاتے ہیں،  البتہ بڑھتی منہگائی نے جہاں ہر شخص کو فکر مند کردیا ہے، وہیں دعوتوں کے لیے بھی اب کم بجٹ میں اچھی دعوت کرنے کے متعلق سوچا جاتا ہے،  اسی لیے اکثر دعوتوں میں بھی گوشت، مرغی وغیرہ کی ڈشز کے ساتھ سبزی مثلاً پالک پنیر، چھولے اور آلو کی ترکاری اور کچوری یا دہی بھلے وغیرہ رکھے جاتے ہیں۔

مہینے بھر کے بجٹ میں سے بجٹ مختص کرنا اور  دعوتوں کا اہتمام کرنا خاتون خانہ کی سلیقہ مندی کو ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح کم بجٹ میں بھی وہ بہترین دعوت کا اہتمام کرتی ہیں اور مہمان داری کی روایت کو خوش اسلوبی سے نبھاتی ہیں۔ خواتین کم بجٹ میں دعوت کا اہتمام کیسے کرتی ہیں،  اس کے لیے  ہم نے چند خواتین سے بات چیت کی،  انہوں نے جو جواب دیے ، وہ ہم یہاں پیش کررہے ہیں، آپ بھی پڑھیے اور کم بجٹ میں اچھی دعوت کا اہتمام کیجیے۔

سیرین فاطمہ مائیکرو بیائیولوجی میں پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ وہ ایک روایتی خاتون خانہ اور دو بچوں کی ماں بھی ہیں ۔ کم بجٹ میں اچھی دعوتوں کے متعلق انہوں نے بتایا کہ میں مہینے میں ایک دفعہ دعوت کرتی ہوں۔ تقریباً آٹھ سے دس لوگوں کی ایک ہزار روپے میں دعوت کرسکتی ہوں۔ سستا ترین مینو چائنیز رائس شاشلک، چکن کارن سوپ اور چاؤ من ہے۔ اس کے ساتھ م میٹھے میں کریمل کسٹرڈ رکھ سکتے ہیں۔ میں زیادہ تر دعوت میں چار سے پانچ ڈشز رکھتی ہوں۔ دعوت کی تیاری کے لیے ایک دن پہلے سبزیاں لاکر کاٹ کر فریز کرلیتی ہوں، کیوں کہ ان سارے ڈشز کے اجزاء یکساں لیکن پکانے کا طریقہ مختلف ہوتا ہے۔ دعوت کے لیے ایک یا دو دن پہلے سے تیاری کرتی ہوں۔

کم بجٹ میں زیادہ ڈشز بناتی ہوں تو اگر چائنیز ڈشز بناتی ہوں تو سب چائنیز ڈشز میں شملہ مرچ، سبز پیاز، گاجر اور مرغی شامل ہوتی ہے جو سستا بھی ہے اور اکثریت کو پسند بھی آتا ہے، بس اس میں محنت زیادہ ہوتی ہے یا پھر مرغی کا قورمہ، آلو مٹر کا پلاؤ، مرغی اور آلو کے کباب ، روٹی، سلاد ، کھیر یہ بھی سستا اور اچھا امتزاج ہے۔ میں عموماً لنچ یعنی ظہرانے کی دعوت کرنا پسند کرتی ہوں، کیوں کہ پھر گھر سمیٹ کر آرام کرنے کا بھی اچھا وقت مل جاتا ہے۔گھر کا کھانا ہوٹل کے مقابلے میں سستا پڑتا ہے۔ میں کوئٹہ میں رہتی ہوں۔ کوئٹہ کی اسپیشل ڈش مٹن روش (Special Matton Roash) میری ایسی ڈش ہے جس کی مہمان فرمائش کرتے ہیں، اس کی ترکیب درج ذیل  ہے:

٭ اسپیشل مٹن روش:

اجزاء

بکرے کا ہڈی والا گوشت بڑے ٹکڑے ڈیڑھ پاؤ:

لہسن : دو جوے

پیاز: ایک عدد

پانی: ایک کپ

نمک: حسب ذائقہ

کالی مرچ: حسب ذائقہ

تیل :حسب ضرورت

نہاری: مسالا :حسب ضرورت

ٹماٹر :ثابت: حسب ضرورت

ہری مرچ: ثابت حسب ضرورت

آلو:حسب ضرورت

ترکیب:دیگچے میں گوشت بچھاکر ان پر تھوڑا تیل، پانی، لہسن، موٹی کٹی ہوئی پیاز، نمک، کالی مرچ ڈال کر دھیمی آنچ پر پانچ چھ گھنٹوں تک پکنے دیں۔ تھوڑی تھوڑی دیر ڈھکن کھول کر دیکھتی رہیں۔ پانی کم لگے تو تھوڑا  سا پانی اور ڈال دیں، لیکن  زیادہ پانی نہ ڈالیں۔ آخر میں گوشت نکال کر جو شوربہ بچا ہے، اس میں اور تھوڑا پانی ملاکر بلینڈ کرلیں۔ لہسن، پیاز سب ساتھ ملاکر بلینڈ کرلیں پھر اس میں تھوڑا نہاری مسالا ملاکر پکالیں۔

روش (گوشت) کو احتیاط سے تلنا ہے، اس کے لیے کڑاہی میں تیل گرم کریں اور اس میں احتیاط سے گوشت ڈال  دیں۔ دونوں اطراف سے بس گوشت کی رنگت تبدیل ہو،لیکن خستہ نہ ہو۔ ہلکا سا تل کر نکال لیں، اسی تیل میں ٹماٹر پھر ہری مرچ ڈھکن ڈھک کر تلیں اور نکال کر رکھ دیں۔ پھر آلو کے چپس کاٹ کر وہ بھی اسی تیل میں تل لیں۔ اب ڈش میں روش ٹماٹر ہری مرچ اور آلو کے چپس سجاکر پیالے میں شوربہ پیش کریں۔ اس کو تندوری نان کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔ یہ کوئٹہ کی روایتی ڈش ہے جس کو کوئٹہ والوں کے علاوہ دوسرے علاقوں کے رہنے والے بھی بہت ذوق و شوق سے کھاتے ہیں۔ لیکن یہ طے ہے کہ اسے ایک بار کھانے کے بعد آپ بار بار کھانا پسند کریں گے۔

٭ شانزہ ملک

شانزہ ایف ایس سی کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے ہم سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مہینے میں ایک یا دو دفعہ دعوت کا اہتمام ضرورکرتی ہوں اور  پانچ ہزار روپے میں بیس لوگوں کی دعوت کرسکتی ہو۔ مینیو میں مرغی کا قورمہ، گوشت کا پلاؤ، مرغی کا روسٹ اور ٹرائفل شامل ہے۔ میں زیادہ تر دعوت میں دو سے تین ڈشز رکھتی ہوں اور اس کی  تیاری مما اور بہن کے ساتھ مل کر کرتی ہوں۔ ہم لوگ دعوت کے لیے سامان ایک دن پہلے منگوالیتے ہیں۔ تیاری اسی دن کرتی ہوں۔ میرے خیال میں کم بجٹ میں بھی دعوت میں زیادہ ڈشز بن سکتی ہیں۔ اگر مرغی کا قیمہ بنالیں تو اس سے کوفتے بھی بن سکتے ہیں اور کباب بھی اور چاول میں بھی ڈال سکتے ہیں اور بھی بہت ساری ڈشز آرام سے کم بجٹ میں بن جائیں گی۔ میں رات کے کھانے پر مہمانوں کو بلانا زیادہ آسان سمجھتی ہوں۔ ہوٹل کے بجائے گھر کا کھانا سستا پڑتا ہے اور اچھا بھی ہوتا ہے۔ کم پیسوں میں زیادہ ڈشز بن جاتی ہیں۔ میرے ہاتھ کی چکن کڑاہی ایسی ڈش ہے جس کی مہمان اپنے منہ سے فرمائش کرتے ہیں۔ اس کی ترکیب یہ ہے:

مرغی کی کڑاہی

اجزاء:

مرغی کے چھوٹے ٹکڑے : ایک کلو

پیاز کٹی ہوئی : ایک عدد

ادرک لہسن پسا ہوا: ایک کھانے کا چمچہ

ٹماٹر کٹے ہوئے: ساتھ سے آٹھ عدد

نمک: حسب ذائقہ

سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچہ

ہلدی: ایک چائے کا چمچہ

دھنیا پسا ہوا: ایک چائے کا چمچہ

گرم مسالا پسا ہوا: ایک چائے کا چمچہ

ہری مرچیں کٹی ہوئی: چھ سے سات عدد

تیل : ایک کپ

ہرا دھنیا: حسب ضرورت

ترکیب:

دیگچی میں مرغی، پیاز، ادرک، لہسن پسا ہوا، نمک، لال مرچ، ہلدی، دھنیا پسا ہوا اور ایک کپ پانی ڈال کر ڈھک دیں اور پکنے دیں حتیٰ کہ مرغی گل جائے اور پانی بھی خشک ہوجائے۔ اب کڑاہی میں تیل گرم کریں اور ٹماٹر اور ہری مرچیں ڈال کر تین چار منٹ بھونیں، پھر پکی ہوئی مرغی اس میں ملاکر گرم مسالا پسا ہوا چھڑک دیں۔ تیز آنچ پر پکائیں، جب تیل چھوڑ دیں تو ہرا دھنیا چھڑک کر نان کے ساتھ پیش کریں۔ آپ یقین کیجیے کہ مرغی کی کڑاہی کا یہ ذائقہ آپ کبھی نہیں بھول سکیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔