بچوں کو جلانے کے الزام میں پی پی رہنمائوں کیخلاف درخواست پرنوٹس

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 مئ 2013
ہزارخان بجارانی نے انتقام لینے کیلیے گائوں کو آگ لگائی،قیمتی سامان بھی لوٹا،درخواست گزار فوٹو: فائل

ہزارخان بجارانی نے انتقام لینے کیلیے گائوں کو آگ لگائی،قیمتی سامان بھی لوٹا،درخواست گزار فوٹو: فائل

کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 16سے کامیاب ہونیوالے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما میرہزارخان بجارانی ، انکے بیٹے شبیر علی اور پولیس حکام کے خلاف درخواست پر31مئی کیلیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنمائوں  پر الزام ہے کہ انھوں نے ایس ایس پی کشمورکی ملی بھگت سے مبینہ طور پر سیاسی مخالفین کے گھروں کو آگ لگادی تھی جن میں 2بچے بھی زندہ جل کر ہلاک ہوگئے، ضلع جیکب آباد کے گائوں کریم داد بنگلانی کے رہائشی کریم داد نے محمد خان بروڑو ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیارکیاگیاہے کہ درخواست گزارنے اپنے کنبے سمیت علاقے میں جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار جہانگیر بنگلانی کی حمایت کی تھی تاہم پیپلزپارٹی کے رہنما میرہزار خان بجارانی اس حلقے سے کامیاب ہوگئے۔

انھوں نے اپنے حامیوں اور ایس ایس پی کندھ کوٹ کے ساتھ مل کر انتقام لینے کیلیے 18مئی کی دوپہر دو بجے  درخواست گزار کے گائوں پر دھاوا بول دیا، فائرنگ کی گئی اورگائوں کو آگ لگادی جس کے نتیجے میں ان کی زمین پرموجود ساڑھے 5سو من گندم ، مال مویشی اور دیگر املاک جل کرراکھ ہوگئیں، درخواست گزار کے مطابق اس آگ سے ان کے گھر بھی جل گئے اوراس کے 2بیٹے تین سالہ نعمان اور تین ماہ کا شیرخوار آفاق زندہ جل گئے، حملہ آوروں نے ان کے گھروں میں موجود قیمتی اشیا بھی لوٹ لیں جن میں 10تولے سونا اور 4لاکھ روپے نقد ی بھی شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔