اسرائیل اور فلسطین کو قیام امن کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے، جان کیری

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مئ 2013
خان کیری نے حیرت انگیز طور پر اپنے دورے کے دوران فلسطینی علاقے رام اللہ کی گلیوں کا دورہ بھی کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

خان کیری نے حیرت انگیز طور پر اپنے دورے کے دوران فلسطینی علاقے رام اللہ کی گلیوں کا دورہ بھی کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

تل ابیب: امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کو مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔

اسرائیلی دارلحکومت تل ابیب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان نئے مذاکرات کے حوالے سے عدم اعتماد اور غیریقینی کی صورتحال ہے تاہم اب ہم اس جانب بڑھ رہے ہیں جب اسرائیل اور فلسطین کو  سخت فیصلے لینے پڑيں گے،  جان کیری کا کہنا تھا کہ محتاط انداز میں اعتماد سازی  کو فروغ دیتے ہوئے دونوں ممالک امن کے لئے مذاکرات کے راستے پر آ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ فروری میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد جان کیری کا مشرق وسطیٰ کا یہ چوتھا دورہ ہے جس کے دوران انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقاتیں کی، امریکی وزیر خارجہ نے حیرت انگیز طور پر فلسطینی دورے کے دوران رام اللہ کی گلیوں کا دورہ بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔