ہندو برادری دھرتی چھوڑ کر نہ جائے، پیر پگارا کی اپیل

اسٹاف رپورٹر  بدھ 15 اگست 2012
اقلیتی برادری سندھ دھرتی کا حصہ ہے،مایوس نہ ہو، پیپلزپارٹی سے بھی بات کرینگے، امتیاز شیخ، فوٹو : فائل

اقلیتی برادری سندھ دھرتی کا حصہ ہے،مایوس نہ ہو، پیپلزپارٹی سے بھی بات کرینگے، امتیاز شیخ، فوٹو : فائل

کراچی: پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیرپگارا نے جیکب آباد سمیت سندھ بھر میں ہندو برادری سے اپیل کی ہے کہ اپنی دھرتی چھوڑ کر نہ جائیں، انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، یہ پیغام پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے خصوصی تعلیم امتیاز احمد شیخ نے منگل کو ہندو پنچائیت کے رہنمائوں ڈاکٹر بابو کھرانا اور بابو مہیش لاکھانی سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران دیا۔

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ ہندو برادری مایوس نہ ہو، پیرپگارا سمیت پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کا ہر کارکن اور مرید ہندو برادری کا تحفظ کرے گا اور انہیں مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ امتیازشیخ نے کہا کہ اقلیتی برادری سندھ دھرتی کا حصہ ہے اور وہ مایوس نہ ہو،فنکشنل لیگ اس سلسلے میں پیپلزپارٹی سے بھی بات کرے گی کہ ہندو برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مکمل انتظامات کیے جائیں،پیرپگارا نے کہا ہے کہ ہندو برادری اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھے، سندھ ان کی دھرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔