ریٹیلرز نے سیلز ٹیکس ریٹ میں اضافہ صارف دشمن قرار دیدیا

حکومت مہنگائی کم کرنے کے بجائے بڑھانے کے اقدامات کررہی ہے، فرید قریشی


Business Reporter May 25, 2013
کاروباری طبقہ مشکل میں پڑجائیگا، شکیل ڈھینگڑا، سیلز ٹیکس 10 فیصد کیا جائے، شکیل بیگ فوٹو: فائل

کراچی کے ریٹیلرز اور صارف انجمن نے اشیا پر سیلز ٹیکس کی شرح ایک فیصد بڑھا کر 17 فیصد کیے جانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے تجارت اور صارف دشمن فیصلہ قرار دیا ہے۔

کراچی ریٹیل گراسرز گروپ کے جنرل سیکریٹری محمد فرید قریشی نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے بجائے مہنگائی میں اضافے کے اقدامات کررہی ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں بالخصوص ریٹیل کی سطح کا کاروبار بھی متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب صارفین کی قوت خرید جواب دے چکی ہے اور اب ماہانہ راشن کے بجائے یومیہ اور ہفتہ وار بنیادوں پر ضرورت کی اشیا خریدنے کا رجحان بڑھ رہا ہے، اسی طرح اشیا کی بڑی پیکنگ کے بجائے ساشے پیکنگ کی فروخت بڑھ رہی ہے، اس صورتحال میں بجٹ سے قبل آرڈیننس کے ذریعے عوام پر مہنگائی بم گرائے جانے سے صارفین کی رہی سہی سکت بھی ختم ہوجائیگی۔



کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین شکیل احمد بیگ نے سیلز ٹیکس میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے سیلز ٹیکس کی شرح 10 فیصد تک لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شکیل احمد بیگ کے مطابق دنیا بھر میں اشیا خردونوش کی قیمت کم مقرر کی جاتی ہے تاکہ معاشرے میں کم آمدن والا طبقہ بھی اپنی غذائی ضروریات پوری کرسکے، اس کے برعکس پاکستان میں کھانے پینے کی اشیا روز بہ روز مہنگی ہورہی ہیں، ایک جانب حکومت خود اپنے مقرر کردہ سرکاری نرخ پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہے تودوسری جانب سیلز ٹیکس میں شرح میں اضافے جیسا ظالمانہ فیصلہ کرکے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں غرق ہونے کیلیے چھوڑ دیا گیا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر شکیل احمد ڈھینگڑا نے بھی سیلز ٹیکس کی شرح میں ایک فیصد اضافہ اور ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھنے پر تاجر برادری کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے کاروباری طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوگا اور براہ راست اثر غریب طبقے پر مہنگائی کی شکل میں مرتب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے اہداف پورے کرنے کیلیے اس طرح کے اقدامات سے نگراں حکومت کی ساکھ متاثر ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں