آتشزدگی کے واقعات، 12گھر جل گئے، 3افراد زخمی

 دھنائی شریف کے گاؤں حاجی بچل ھنگورجہ میں اچانک آگ لگنے سے 6گھر مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے. فوٹو: فائل

دھنائی شریف کے گاؤں حاجی بچل ھنگورجہ میں اچانک آگ لگنے سے 6گھر مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے. فوٹو: فائل

سانگھڑ / بدین: سانگھڑ کے نواحی گاوں میں6گھروں میں آتشزدگی سے ایک خاتون سمیت3 افراد جھلس کر زخمی۔

6بکریاں ہلاک اور لاکھوں روپے کا سامان خاکستر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سانگھڑ کے گاوں چک نمبر6میں واقع غریب کسان کے ایک گھر میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے جوانی مل، سوڈو، کاجو مل کے گھروں سمیت دیگر5گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

گھروں کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ کو بجھانے کی کوشش کی جس کے دوران مسمات بھائی کولہی، راجو اور رمبو جھلس کر زخمی ہوگئے، جبکہ گھروں میں موجود2 لڑکیوں کے جہیز سمیت لاکھوں روپے کی سامان جل کر خاکستر ہو گیا، تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال سانگھڑ منتقل کر دیا گیا ۔

دوسری جانب بدین کے قریب دھنائی شریف کے گاؤں حاجی بچل ھنگورجہ میں اچانک آگ لگنے سے 6گھر مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے، متاثرین نے صحافیوں کو بتایا کے وہ صرف اپنی جانے بچا سکے ہیں جبکہ گھروں میں رکھا لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا جبکہ مویشی بھی ہلاک ہوگئے، اس وقت ہم کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے ہیں، دوسری جانب فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پا کر مزید گھروں کو جلنے سے بچالیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔