لیاری میں مجرموں کیخلاف آپریشن کیا جائے، جماعت اسلامی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 25 مئ 2013
 جماعت اسلامی کے تحت انتخابی دھاندلی کیخلاف آج بنارس میں مظاہرہ ہو گا. فوٹو: ایکسپریس نیوز

جماعت اسلامی کے تحت انتخابی دھاندلی کیخلاف آج بنارس میں مظاہرہ ہو گا. فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی:   جماعت اسلامی کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، لئیق خان، نصراللہ خان شجیع، یونس بارائی اور حمید اللہ خان ایڈووکیٹ نے لیاری میں امن وامان کی مخدوش صورتحال اورمختلف گروپوں کے درمیان جاری لڑائی میں آئے دن انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل ناکامی قرار دیا ہے۔

رہنمائوں نے کہا کہ حکومت عوام کی جان ومال کے تحفظ اور امن وامان کے قیام میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی، لیاری کے محب وطن اورپرامن عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، روزانہ کوئی نہ کوئی شہری اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے، دریں اثنا جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی نے دہلی اسکول کو نجی ملکیت میں دینے کی کوششوں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دہلی اسکول کو نجی پارٹی کے حوالے نہ کیا جائے۔

انھوں نے عدالت سے اپیل کی کہ وہ اسکول کو نجی ملکیت میں دینے کے فیصلے پر نظرثانی کرے اور چیف جسٹس اس صورتحال کا نوٹس لیں، علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے تحت انتخابات میں دھاندلی کیخلاف آج (ہفتہ) شام 6 بجے بنارس چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، احتجاجی مظاہرے سے ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، محمد حسین محنتی و دیگر خطاب کریں گے، دریں اثنا محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں انتخابی نتائج کالعدم قرار دیکر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔