میرظفراللہ خان جمالی کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 مئ 2013
بلوچستان پیکج سے کچھ نہیں ہو گا صوبے کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، سابق وزیر اعظم ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

بلوچستان پیکج سے کچھ نہیں ہو گا صوبے کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، سابق وزیر اعظم ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور: سابق وزیراعظم میرظفراللہ خان جمالی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

میر ظفراللہ خان جمالی نے آج صبح مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف سے رائیونڈ میں ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات کے دوران بلوچستان میں حکومت سازی سمیت اہم ایشوزپر تبادلہ خیال ہوا، بلوچستان پیکج سے کچھ نہیں ہو گا کیونکہ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ظفر اللہ خان جمالی کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت لوڈ شیڈنگ ملک کا سب سے بڑا ایشو ہے جس کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ میرظفراللہ جمالی این اے 266 بلوچستان سے آزادحیثیت میں منتخب ہوئے ہیں، انہیں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کی دعوت میاں شہبازشریف نے دی تھی، حالیہ انتخابات میں بلوچستان سے کل 4اراکین اسمبلی آزادحیثیت میں کامیاب ہوئے ہیں ،جن میں سے 3 ارکان پہلے ہی (ن) لیگ میں شامل ہوچکے ہیں، میرظفراللہ جمالی کی شمولیت کے بعد مسلم لیگ (ن) بلوچستان کی بھی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔