مسائل کے حل کے لئے مسلم لیگ (ن) کی ہر طرح سے مدد کریں گے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 مئ 2013
 ہم نے اپنے دور حکومت میں انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے، خورشید شاہ کی پریس کانفرنس۔  فوٹو: فائل

ہم نے اپنے دور حکومت میں انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے، خورشید شاہ کی پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کے حل اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلم لیگ (ن) کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ اس وقت ملک میں بسنے والے افراد کی سب سے بڑی خواہش امن و امان کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ ہے، پیپلز پارٹی ایوان میں  قیام امن ، دہشت گردی کے خاتمے، قومی معاملات اور آئین میں ترامیم کے لیے مسلم لیگ(ن) سے ہر ممکن تعاون کرے گے، ہم ملک میں جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ (ن)لیگ بھی پارلیمنٹ کو اسی طرح پارلیمانی سسٹم کے تحت چلائے گی جس طرح پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں چلایا۔

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دورمیں انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے اور شناختی کارڈ کو لازمی قرار دینے کے ساتھ ساتھ ووٹرز فہرستوں میں تصویر کی شمولیت اور 3 کروڑ 80 لاکھ جعلی ووٹروں کے اندراج کو لسٹوں سے نکالا لیکن حالیہ الیکشن پر سوالیہ نشان موجود ہے کیونکہ انتخابات کسی بھی طرح سے آزاد، شفاف اور منصفانہ نظر نہیں آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔