کارساز فلائی اوور پر آئل ٹینکر الٹنے سے ڈرائیور ہلاک لوگ آئل جمع کرنے پہنچ گئے

ٹائی راڈ ٹوٹنے سے ٹینکرالٹا،ہزاروں لیٹر آئل بہہ گیا،2افراد زخمی، حادثے کے بعد فلائی اوور چند گھنٹوں کیلیے بندکردیا گیا


Staff Reporter May 26, 2013
شارع فیصل پر ٹینکر سے بہنے والا تیل شہری بالٹیوں اور گیلن میں بھر رہے ہیں ، چھوٹی تصویر میں جائے حادثہ پر ٹینکر نظرآرہا ہے (فوٹو : محمد ثاقب / ایکسپریس)

کارساز فلائی اوور پر تیز رفتار آئل ٹینکر کا ٹائی راڈ ٹوٹ جانے کے باعث ٹینکر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سلپ ہوگیا جس سے ڈرائیور ہلاک جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ٹینکر سے بہنے والا آئل جمع کرنے کے لیے لوگوں کا رش لگ گیا جسے پولیس نے لاٹھی چارج کرکے منتشر کردیا، واقعے کے بعد فلائی اوور کو چند گھنٹوں کے لیے بند کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر واقع کارساز فلائی اوور پر ہفتے کو علی الصباح ہزاروں لیٹر آئل سے لدا تیز رفتار آئل ٹینکر جارہا تھا کہ اچانک اس کا ٹائی راڈ ٹوٹ گیا جس کے باعث ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہوگیا اور سلپ ہوتے ہوئے حاثے کا شکار ہو گیا، حادثے میں ٹینکر کا ڈرائیور45 سالہ عبدالجبار ولد غلام حیدر ہلاک ہوگیا۔



متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی، ایس ایچ او شارع فیصل ملک عامر حسین نے ایکسپریس کو بتایا کہ متوفی شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی تھا، حادثے میں2 افراد زخمی بھی ہوئے جو پولیس کے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی طبی امداد لے کر چلے گئے، زخمیوں کے نام اعجاز حسین اور عامر حسین معلوم ہوئے ہیں، ٹینکر ہزاروں لیٹر آئل سے لدا ہوا تھا، واقعے کے بعد ٹینکر سے آئل بہنے لگا۔

اس موقع پر لوگ برتنوں میں آئل جمع کرنے کے لیے وہاں پہنچ گئے اور آئل جمع کرنے لگے، دیکھتے ہی دیکھتے جائے وقوع پر لوگوں کا ہجوم لگ گیا جسے مجبوراً پولیس نے لاٹھی چارج کرکے منتشر کیا، حادثے کے باعث فلائی اوور اور اس کے اختتام تک آئل بہہ کر پھیل گیا تھا جس کے باعث فلائی اوور کو چند گھنٹوں کے لیے ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا، بعدازاں بھاری مشینری منگوا کر آئل ٹینکر کو جائے وقوع سے ہٹایا گیا جبکہ بہنے والے آئل کو بھی صاف کیا گیا جس کے بعد وہاں بجری ڈال دی گئی، کئی گھنٹے بعد فلائی اوور کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ۔