فرنچ اوپن، نڈال لگاتار چوتھی مرتبہ ٹرافی جیتنے کیلیے پر عزم

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  اتوار 26 مئ 2013
جوکووک راہ میں حائل ہو سکتے ہیں،فیڈرر کیلیے فائنل تک رسائی کا سفر آسان، بریڈیچ، سونگا اور ڈیوڈ فیرر میں اپ سیٹ کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

جوکووک راہ میں حائل ہو سکتے ہیں،فیڈرر کیلیے فائنل تک رسائی کا سفر آسان، بریڈیچ، سونگا اور ڈیوڈ فیرر میں اپ سیٹ کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پیرس: سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن کا آغاز اتوار سے ہورہا ہے، انجری مسائل سے چھٹکارا پانے کے بعد بھرپور انداز میں کھیل میں واپس آنے والے رافیل نڈال لگاتار چوتھی مرتبہ ٹرافی جیت کر مجموعی طورپر آٹھویں بار چیمپئن بننے کا عزم رکھتے ہیں۔

موجودہ ورلڈ نمبرون نووک جوکووک ان کی راہ میں حائل ہوسکتے ہیں، ڈراز کے مطابق دونوں پلیئرز میں سے کوئی ایک ہی9 جون کو شیڈول فائنل میں پہنچ پائے گا، برطانوی اسٹار اینڈی مرے اور ارجنٹائن کے سابق یوایس چیمپئن جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کے انجری مسائل کے سبب دستبرداری نے راجرفیڈرر کیلیے فائنل تک رسائی کا سفر آسان بنا دیا، جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ، فرنچ جوئے ولفریڈ سونگا اور اسپینش پلیئر ڈیوڈ فیرر بھی اپ سیٹ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، رافیل نڈال نے2012 میں ساتویں مرتبہ رولینڈ گیروس ایونٹ جیت کر سابق سوئیڈش اسٹار بورن بورگ کی 6 فتوحات کا ریکارڈ توڑ دیا تھا، نڈال گھٹنے کی دیرینہ انجری کے سبب7ماہ وقفے کے بعد کھیل میں بھرپور انداز میں واپس آکر ناقدین کو خاموش کراچکے ہیں جو 26 سالہ اسپینش اسٹار کا کیریئر ختم ہونے کی پیشگوئیاں کرچکے تھے۔

رواں برس فروری میں واپسی کے بعد سے نڈال نے 8 ایونٹس کے فائنلز کھیلتے ہوئے6 میں میدان مارا، فرنچ اوپن کیلیے وہ خود کو ہمیشہ کی طرح زیادہ پُرجوش محسوس کرتے ہیں، ایونٹ میں ان کا ریکارڈ انتہائی شاندار ہے، وہ 52 میچز میں جیت کے ساتھ نمایاں ہیں، رواں برس مونٹی کارلو ماسٹرز میں جوکووک نے نڈال کی 8 برس سے ٹائٹل پر قائم بالادستی کا خاتمہ کردیا تھا،اس کے بعد نڈال نے میڈرڈ اور روم کلے کورٹس ایونٹ جیت کر اعتماد بحال کیا، گذشتہ برس ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں لوکاس روسول کے ہاتھوں غیرمتوقع شکست کے بعد کھیل سے دور جانے والے نڈال کا یہ پہلا گرینڈ سلم ہوگا،ان کا پہلا مقابلہ جرمنی کے ڈینئیل برانڈس سے ہونا ہے جو عالمی درجہ بندی میں 60ویں نمبر پر ہیں، گذشتہ برس کے فائنل میں نڈال نے جوکووک کو ہرایا تھا۔

سربیئن ورلڈ نمبرون پلیئر کی مہم بیلجین پلیئر ڈیوڈ گوفن کیخلاف میچ سے شروع ہوگی، اپریل میں نڈال کو پچھاڑ کر مونٹی کارلو ماسٹرز جیتنے کے بعد جوکووک کو میڈرڈ اوپن کے افتتاحی مقابلے میں گریگور دیمیتروف نے مات دی،اس کے بعد روم ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں وہ ٹوماس بریڈیچ کو قابو کرنے میں ناکام رہے،2009 کے چیمپئن راجرفیڈرر کو سیکنڈ سیڈ حاصل ہے، وہ فرنچ اوپن میں چار مرتبہ فائنل میں نڈال سے مات کھاچکے تاہم لگاتار 54واں گرینڈ سلم ایونٹ کھیل رہے ہیں، وہ سابق جنوبی افریقی پلیئر وائن فیریرا کا ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں، فریرا کو مسلسل56 گرینڈ سلم کھیلنے کا منفرد ریکارڈ حاصل ہے، انھوں نے1991 کے آسٹریلین اوپن سے 2004 کے یوایس اوپن تک سیزن کے تمام گرینڈ سلم کھیلے۔ دوسری جانب ویمنز سنگلز میں ٹرافی کو ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز سے بچانا حریف پلیئرز کیلیے جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگا۔

امریکی اسٹار کی حالیہ شاندار فارم انھیں واضح طور پر 8 جون کے فائنل میں فاتح بناسکتی ہے، اب تک وہ2002 میں صرف ایک مرتبہ فرنچ اوپن ٹائٹل جیت پائی ہیں، 31 سالہ سپراسٹار نے پیرس آنے سے قبل چار لگاتار ایونٹس جیتے،اس میں میامی ، چارلسٹین، میڈرڈ اور روم اوپن شامل ہیں، سیزن میں ابھی تک وہ 24 لگاتار میچز میں فتوحات حاصل کر چکیں،ان تمام مقابلوں میں مجموعی طور پر وہ محض چار سیٹس ہاریں، بلاشبہ وہ ابھی کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں،فرنچ اوپن میں اس سے قبل 11 مرتبہ شریک ہونے کے باوجود وہ صرف 2002 میں ایک مرتبہ چیمپئن بن پائیں، ایونٹ میں ماریا شراپووا اور بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا ہی ان کیلیے خطرہ بن سکتی ہیں، ان دونوں پلیئرز کیخلاف ان کا شاندار ریکارڈ کچھ اور ہی کہانی بتارہا ہے، آذرنیکا کیخلاف انھیں 13-2 جبکہ ماریا پر 12-2 سے واضح سبقت حاصل ہے، کیریئر کا 16واں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کیلیے فیورٹ سرینا کو 2011 کی فاتح لینا، اطالوی پلیئر سارا ایرانی اور سمانتھا اسٹوسر کے چیلنج کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔