سبزی منڈی میں پولیس اور رینجرز کا آپریشن، تجاوزات کا خاتمہ

بزنس رپورٹر  اتوار 26 مئ 2013
 8 گھنٹے کے آپریشن میں درجنوں غیرقانونی کیبن، پتھارے ،شیڈز ، چھپر توڑ دیے گئے ، چیک پوسٹوں کی تعمیر پیر سے شروع ہوگی. فوٹو: فائل

8 گھنٹے کے آپریشن میں درجنوں غیرقانونی کیبن، پتھارے ،شیڈز ، چھپر توڑ دیے گئے ، چیک پوسٹوں کی تعمیر پیر سے شروع ہوگی. فوٹو: فائل

کراچی:  رینجرز اور پولیس نے کراچی سبزی منڈی میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے منڈی میں قائم تمام تجاوزات کاخاتمہ کردیا۔

سیکریٹری ایگری کلچر سندھ آغا جان اختر کی ہدایت پر ہفتہ کوپولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن میں بھاری نفری نے حصہ لیا، آپریشن کی نگرانی ایڈمنسٹریٹر سبزی منڈی ڈپٹی سیکریٹری ایگریکلچر ابرار شیخ کررہے تھے جبکہ رینجرز کے ڈی ایس آر طاہر برکی، انسپکٹر محمد ندیم کی سربراہی میں 8موبائلوں اور منڈی میں قائم پولیس چوکی کے انچارج ریاض اعوان کی سربراہی میں 4پولیس موبائلوں پر مشتمل نفری نے حصہ لیا،8 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران فروٹ اور سبزی سیکشن میں قائم درجنوں غیرقانونی دکانیں، شیڈز اور چھپر مسمار کردیے گئے ۔

جبکہ جگہ جگہ رکھے کیبن اور پتھارے بھی اٹھا دیے گئے، آپریشن کے دوران فروٹ سیکشن میں بعض معروف تاجر رہنماؤں کی جانب سے سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم کردہ غیرقانونی دکانیں اور اسٹال بھی ختم کردیے گئے جو مبینہ طور پر لاکھوں روپے ماہانہ کرائے پر دیے گئے تھے،قبضہ مافیا نے منڈی کی اہم سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر بھی مستقل طور پر تجاوزات قائم کررکھی تھیں، فروٹ اور سبزی منڈی میں قائم تجاوزات کی وجہ سے منڈی کی حدود میں گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی تھی اور جرائم پیشہ عناصر تجاوزات کی آڑ میں لوٹ مار کی وارداتوں میں مصروف تھے۔

جبکہ صفائی ستھرائی کے کاموں میں بھی سخت دشواری کا سامنا تھا، منڈی کے تاجروں کی شکایت پر رینجرز کے اعلیٰ حکام نے گزشتہ ہفتے منڈی کا دورہ کرکے تجاوزات کا معائنہ کیا تھا اور قبضہ گیر عناصر کو تین روز میں تمام تجاوزات ازخود ختم کرنے کی مہلت دی گئی تھی جس کے خاتمے پر ہفتہ کو آپریشن کیا گیا۔

رینجرز کے اعلیٰ افسران کی ہدایت پر ہی سبزی اور فروٹ سیکشن کے داخلی راستوں پر رینجرز کی چیک پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی، پوسٹوں کی تعمیر کا کام پیر سے شروع کردیا جائے گا، دریں اثنا منڈی میں تجاوزات کے خاتمے پر فروٹ اور سبزی سیکشن کے تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور مزدوروں نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے اور بروقت قدم اٹھانے پر سیکریٹری ایگریکلچر، ایڈمنسٹریٹر سبزی منڈی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔