کالعدم تنظیم اورگینگ وار کے 7ملزم گرفتار، دھماکا خیز مواد برآمد

اسٹاف رپورٹر  اتوار 26 مئ 2013
ملزم راشد پٹھان انتخابات کے روز 3 کریکر حملوں میں بھی ملوث ہے، پولیس. فوٹو: فائل

ملزم راشد پٹھان انتخابات کے روز 3 کریکر حملوں میں بھی ملوث ہے، پولیس. فوٹو: فائل

کراچی:  سی آئی ڈی پولیس اور رینجرز نے کالعدم تنظیم اور گینگ وار کے4ملزمان سمیت 7ملزمان کوگرفتار کرکے اسلحہ ، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی آئی ڈی آپریشن فیاض خان کی ہدایت پر سی آئی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاع پر نیو کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد راشد عرف پٹھان عرف گنجا کو گرفتار کر لیا جبکہ گرفتار ملزم کے قبضے سے 5 کلو دھماکا خیز مواد ،3 ڈیٹو نیٹر ، کورڈ اور ٹی ٹی پستول بر آمد کر لی،ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان کے مطابق گرفتار ملزم عام انتخابات کے روز 3 کریکر حملوں کی وارداتوںمیں ملوث ہے جبکہ گرفتار ملزم نے کراچی سمیت حیدر آباد میں 20 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں،ادھر سی آئی ڈی کے انسداد انتہا پسندی سیل کے سربراہ چوہدری اسلم خان کی سربراہی میں ٹیم نے شیرشاہ کے علاقے پراچہ چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 3ملزمان عبدالمالک ، محمد فاروق عرف گلابو اور عقیل احمد کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 3 پستول،3 ہینڈ گرنیڈ اورموٹر سائیکل برآمدکرلی،ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ، ملزمان ٹارگٹ کلنگ کی ایک درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

، ملزمان سپر مارکیٹ ، جیکسن ،کلری اور دیگر علاقوں میں تاجروں کے قتل سمیت کھارادر میں سیاسی جماعت کے دفتر پر بم حملے میں بھی ملوث ہیں ، واقعے میں 14 افراد زخمی ہوگئے تھے،علاوہ ازیں ملزمان ڈکیتی و رہزنی اور بھتہ خوری کی بھی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ، ملزمان نے سائٹ ایریا میں متعدد فیکٹری مالکان سے بھتے کی رقم وصول کی،ملزمان نے کھارادر ، لیاری ، گارڈن اور دیگر علاقوں میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں کئی ہم انکشافات متوقع ہیں،دوسری جانب رینجرزنے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ابوالحسن اصفحانی روڈ ، حسین ڈسلوا ٹائون ، دائود گوٹھ اور ہنگوراہ گوٹھ میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث 3 اہم ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔